اسلام آباد (پی این ایس) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔ یہ بات الیکشن کمیشن آف پاکستان کی طرف سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں کیس کی سماعت کے دوران بتائی گئی ہے۔ الیکشن کمیشن کے حکام نے عدالت میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ 60 روز میں نئی حلقہ بندیاں کر کے الیکشن کے شیڈول کا اعلان کریں گے۔اسلام آباد ہائی کورٹ میں اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق ن لیگ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کی درخواست پر چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے سماعت کی۔
اس موقع پر چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے الیکشن کمیشن کے حکام سے استفسار کیا کہ الیکشن کمیشن نے کیا فیصلہ کیا ہے؟ الیکشن کمیشن کے حکام نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات پر حکومتی نوٹیفکیشن کے تحت وضاحتی مؤقف دیا ہے۔ چیف جسٹس نے دریافت کیا کہ یہ بتائیں کتنے دنوں میں الیکشن ہو گا؟ الیکشن کمیشن کے حکام نے جواب دیا کہ 60 سے 65 دنوں میں الیکشن کرائے جا سکتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے حکام کا کہنا تھا کہ پہلے نئی حلقہ بندیاں کریں گے، پھر بلدیاتی انتخابات کا شیڈول دیں گے،
عدالت وفاقی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کے لیے تعاون کا حکم دے، 60 روز میں نئی حلقہ بندیاں کر کے الیکشن کے شیڈول کا اعلان کریں گے، حکومتیں بلدیاتی انتخابات میں رکاوٹیں ڈالتی ہیں، عدالت وفاقی حکومت کو بلدیاتی انتخابات کی آئینی ذمے داری پوری کرنے کا حکم دے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں