اسلام آباد (پی این آئی) شہباز حکومت کی جانب سے نئے مالی سال کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بجائے ایڈہاک ریلیف ملنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔ بجٹ کی تیاری سے منسلک زمہ دار ذرائع کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کیلئے قائم پے اینڈ پنشن کمیشن کی سفارشات جمع کرانے کی تاریخ میں 30 جون2022 تک توسیع کردی ہے جس سے ملازمین میں بے چینی پیدا ہو گئی ہے، اس کی وجہ یہ بتائی جا رہی ہے کہ نئی صورت حال میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی بجائے ایڈہاک ریلیف کے امکانات بڑھ گئے۔
اس حوالے سے وفاقی وزارت خزانہ نے باضابطہ طور پر نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے کی سفارشات تیار کرنے کیلئے 12 نومبر 2021 کو قائم کیے گئے پے اینڈ پنشن کمیشن کیلئے سفارشات جمع کرنے کی مہلت میں 30 جون تک توسیع کر دی گئی ہے، اب یہ کمیشن سرکاری ملازمین کی تنخواہوں اور پنشن میں اضافے بارے اپنی سفارشات 30 جون تک جمع کرا سکے گا۔ اس حوالے سے سرکاری اداروں کے ملازمین کا کہنا ہے کہ ہے اینڈ پنشن کمیشن اب اپنی سفارشات کو حتمی شکل تب دے گا جب 30 جون تک نئے مالی سال کے بجٹ کی حتمی منظوری دی جا چکی ہو گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں