بونیر(آئی این پی) سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت ختم کرنے کے لیے بھارت، اسرائیل اور امریکہ نے مل کر سازش کی، بیرونی سازش کے تحت پاکستان پر امپورٹڈ حکومت مسلط کی،عدالتی فیصلے کے بعد لانگ مارچ کے لیے تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔جمعہ کو بونیر میں بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت ختم کرنے کے لیے انڈیا، اسرائیل اور امریکہ نے مل کر سازش کی۔
انہوں نے کہا کہ آصف زرداری اور نواز شریف بھی اس سازش کا حصہ بنے۔ ہماری حکومت گرائی گئی تو انڈیا میں ایسے خوشیاں منائی گئیں جیسے شہباز شریف نہیں شہباز سنگھ ہو۔ عمران خان نے کہا کہ میں اپنے ان لوگوں سے پوچھنا چاہتا ہوں، نیوٹرلز سے پوچھنا چاہتا ہوں، بسم اللہ آپ بے شک نیوٹرل ہوجائیں۔انہوں نے کہا کہ نیوٹرل ہونا اچھی بات ہے لیکن ملک کی سالمیت بھی ضروری ہے۔میں نے وزیر خزانہ شوکت ترین کو بھیج کر انہیں بتایا کہ اگر ہماری حکومت کے خلاف سازش کامیاب ہوگئی تو ملک کو بہت نقصان ہوگا۔ ملک مضبوط ہوگا تو اس کا دفاع بھی مضبوط ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ جو کہہ رہے کہ عمران خان کے خلاف غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔ یہ غداری کا مقدمہ کر کے مجھے راستے سے ہٹانا چاہتے ہیں۔عمران خان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پانامہ میں پکڑا گیا، سزا یافتہ مفرور ہے اور ملک سے بھاگا ہوا ہے، وہ فیصلہ کرے گا کہ میں غدار ہوں؟۔میمو گیٹ سے پتا چلا کہ آصف زرداری نے حسین حقانی کے ذریعے امریکہ سے کہا تھا کہ مجھے فوج سے بچائیں۔انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ غور سے سن لو، جیل تو چھوٹی چیز ہے، میں تو ملک کے لیے جان دینے کو بھی تیار ہوں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمت بڑھا کر عوام پر مہنگائی کا ایٹم بم پھینک دیا ہے۔اسلام آباد کی جانب دوبارہ لانگ مارچ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ہمارے وکلا کا کہنا ہے کہ ہمیں تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا کیونکہ کچھ چیزوں کی وضاحت ضروری ہے۔چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا یہ الیکشن نہیں جیت سکتے کیونکہ یہ عوام میں نہیں جا سکتے، الیکشن کمیشن کو ساتھ ملا کر پورا میج فکس کرنے کی کوشش ہو رہی ہے۔پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے انہوں ں ے کہا کہ حکومت نے عوام پر مہنگائی کا ایٹم بم پھینک دیا ہے۔ہمارے ساڑھے تین سالہ دور حکومت میں پیٹرول 56 روپے 90 پیسے اور ڈیزل 50 روپے 70 پیسے بڑھا جبکہ انہوں نے چند روز میں دونوں کی قیمت میں 60، 60 روپے اضافہ کر دیا ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں