اسلام آباد (پی این آئی ) وزیراعظم شہبازشریف نے کہا ہے کہ ملک میں تیل اورگیس کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا ہے کیونکہ عالمی طورپرمہنگائی بڑھی ہے۔ترک ٹی وی چینل کو انٹرویو میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ ملک میں تیل اورگیس کی قیمت میں اضافہ اس لئے کیا گیا کیونکہ عالمی سطح پرمہنگائی بڑھ گئی ہے۔ہم غربت کی لکیرسے نیچے آبادی کو سبسڈی دے رہے ہیں۔نجی ٹی وی ایکسپریس کے مطابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ عام انتخابات اپنے وقت پریعنی 15 ماہ بعد ہوں گے۔
ملک میں آئینی اورقانونی طریقے سے حکومت تبدیل ہوئی ہے۔عام انتخابات اگست یا ستمبر2023 میں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے مشکل حالات اورچیلنجز کا سامنا کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ مسائل کے حل کے لئے وسائل پیدا کئے جائیں گے اوراس کے لئے دوست ممالک سے مدد لی جائے گی۔غربت میں کمی لانے کےلئے ملک میں تعمیر نو کی جائیگی۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ہم مقاصد کے حصول کے لئے قلیل مدتی اقدامات کریں گے اوراگرہم اقتدار میں واپس آئے تو مکمل قوت سے ترقی،خوشحالی اورامن کے ایجنڈے پر کام کریں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں