اسلام آباد (پی این آئی) چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا ہے کہ کل جو ہوا اس سے عدالت کا سیاسی جماعتوں پر اعتماد ٹوٹا۔ سپریم کورٹ میں پی ٹی آئی کے لانگ مارچ کے خلاف حکومت کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں 5 رکنی لارجر بینچ نے کی۔ سماعت چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ اٹارنی جنرل صاحب سب سے پہلے آپ کو سننا چاہتے ہیں،
جس پر اٹارنی جنرل پاکستان اشتر اوصاف نے سپریم کورٹ کا گزشتہ روز کا حکم نامہ پڑھ کر سنایا، عدالت میں عمران خان کے گزشتہ روز کا خطاب بھی چلایا گیا۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا ممکن ہے کہ عمران خان کو غلط بتایا گیا ہو، سپریم کورٹ نے آئینی حقوق کا تحفظ کرنا ہے، ہمارے علم میں آیا ہے کہ جگہ جگہ آگ لگائی گئی، جلاؤ گھیراؤ کیا گیا، ہمیں یہ بھی معلوم ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے مسلسل شیلنگ کی۔
چیف جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام کو آئین کے آرٹیکل 15، 16 اور 17 کے تحت حقوق حاصل ہیں، ایگزیکٹو کوئی بھی غیر آئینی گرفتاریاں اور ریڈز نہ کریں، یہ مت بھولیں کہ اسی جماعت نے متعدد ریلیاں کی ہیں جس پر اٹارنی جنرل اشتر اوصاف نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ان ریلیوں کو مکمل سکیورٹی فراہم کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ پی ٹی آئی کو پاکستان کی عوام کی طرف اپنی ذمہ داریوں کو سمجھنا چاہیے، پی ٹی آئی کو مثال بننا چاہیئے تھا، ایسے چلتا رہا تو صورتحال مزید بگڑ جائے گی۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے استفسار کیا کہ کل کتنے افراد زخمی ہوئے؟ جس پر اٹارنی جنرل نے بتایا کہ 31 پولیس افسران زخمی ہوئے۔ چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے کہا کہ ہجوم بہت چارجڈ تھا، عام عوام بھی زخمی ہوئے ہوں گے، یہ لوگ بغیر قیادت کے تھے،
اسلام آباد میں گرین بیلٹس کو آنسو گیس سے بچنے کے لیے جلایا جا رہا تھا، صورتحال کو صرف پی ٹی آئی کی لیڈر شپ ہی کنٹرول کر سکتی تھی۔ چیف جسٹس پاکستان عمر عطا بندیال نے کہا کہ کل جو ہوا افسوسناک ہے، کل جو ہوا اس سے عدالت کا سیاسی جماعتوں پر اعتماد ٹوٹا ہے۔ سماعت مکمل کرتے ہوئے سپریم کورٹ نے حکومت اور اسلام آباد ہائیکورٹ بار کی درخواستیں نمٹاتے ہوئے کہا کہ کیس کا ایسا حکم نامہ جاری کریں گے جو مستقبل کے لئے مثال بنے۔ اس سے حوالے سے وفاقی حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا تھا کہ عدالت کے حکم کے باوجود عمران خان نے اپنے کارکنان کو ڈی چوک بھیجا جنہوں نے نہ صرف توڑ پھوڑ کی بلکہ گرین بیلٹ اور درختوں کو جلا ڈالا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں