اسلام آباد(پی این آئی)مسلم لیگ نواز کی نائب صدر مریم نواز نےکہا ہےکہ عوام کے لیے مہنگائی کا طوفان لانے سے بہتر ہے حکومت چھوڑ دی جائے۔سرگودھا میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان نے 4 سال سب کچھ تباہ کیا، اب کہتاہے شہباز شریف اپنے 4 ہفتے کا حساب دے، چار سال پاکستان کی تباہی اوربربادی کی گئی، ایک اناڑی اور نااہل کو لا کر22 کروڑ عوام پر مسلط کیا گیا، آج معیشت وینٹی لیٹرپر چلی گئی، آج دہشت گردی نے پھر سر اٹھالیا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ کہا جاتا تھا نوازشریف کی سیاست ختم ہوگئی، آج نواز شریف کو کہا جا رہا ہےکہ واپس آؤ، نواز شریف دور میں معیشت نے ترقی کی، شہباز شریف کرسی چھوڑ دے گا لیکن عوام کو مشکل میں نہیں ڈالےگا، عمران خان کی تباہی کا ٹوکرا اپنے سر رکھنے کی کیا ضرورت ہے؟ عوام پر مہنگائی کا طوفان ٹوٹے اس سے بہتر ہے حکومت کو خیر آباد کہہ دو،حکومت کو خیر باد کہہ دو اور میدان میں آجاؤ۔
رہنما ن لیگ کا کہنا تھا کہ عمران خان ایک فتنے اور پاکستانی ریاست کے آستین میں چھپے سانپ کا نام ہے ، جس جس نے عمران کو دودھ پلایا ، اس نے اسی کو ڈس لیا ، عمران خان تم بال نوچو، دانت پیسو یا الٹے لٹک جاؤ، تمہارا کھیل، ختم شد، بڑی ڈھٹائی سے کہتا ہے حکومت کوئی فیصلہ نہیں کرتی،عوام کے لیے مشکل فیصلے کرنا درد دل رکھنے والے حکمران کے لیے مشکل ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان عوام کو آزادی اور خود مختاری کے بھاشن دیتا ہے، جس نے خود کما کر نہیں کھایا اس کے منہ سے خود مختاری کی بات اچھی نہیں لگتی، ریاست مدینہ کے دعوے دار کے کتے ایک دن میں اتنا گوشت کھاجاتے ہیں جتنا بنی گالہ کے اطراف کی آبادی کے لوگ ایک مہینے میں نہیں کھاتے۔
نائب صدر ن لیگ کا کہنا تھا کہ یہ ہے تو ازل کا جھوٹا، جھوٹے خط کا جواب لے آیا، غیر ملکی سازش کا ڈرامہ لے آیا، ثبوت نہیں دیا، آخری ڈرامہ سن لو، کہتا ہے مجھے قتل کرنے کی سازش ہو رہی ہے، جھوٹے نے قتل کے ثبوت بچوں کو بھیج دیے، پاکستان کی عوام کے پاس تمہارے جھوٹ کے ثبوت ہیں، ڈالر کی قیمت آسمان پر پہنچی ہے تو اس جرم کا ثبوت عمران خان ہے، معیشت وینٹی لیٹر پر پہنچی ہے تو جرم کا ثبوت عمران خان ہے، حکومت کو پیٹرول کی قیمت بڑھانی پڑی تو اس جرم کا ثبوت عمران خان ہے۔
سپریم کورٹ کے حوالے سے انہوں نےکہا کہ شہبازشریف کے خلاف سومو ٹونوٹس لیا گیا بڑی مہربانی، بشیر میمن کے الزام پر بھی سوموٹونوٹس ہونا چاہیے، شہزاد اکبر کے خلاف بھی سوموٹونوٹس ہونا چاہیے، ایک سوموٹو نوٹس فارن فنڈنگ پر بھی ہونا چاہیے،عمران خان ایک فتنے کا نام ہے، اسےروکنا چاہیے، پرورش نہیں کرنی چاہیے، جب تک عمران جیسا فتنہ ہے،خون سے لکھ کر دیتی ہوں پاکستان ترقی نہیں کرسکتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں