28 مئی، یوم تکبیر کا عنوان ”نہ جھکے تھے، نہ جھکیں گے”، وزیراعظم کا دس روزہ قومی تقریبات منانے کا فیصلہ

اسلام آباد (اے پی پی): وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے یوم تکبیر پر ”نہ جھکے تھے، نہ جھکیں گے” کا عنوان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے جوہری دھماکوں کے 24 سال مکمل ہونے پر 10 روزہ تقریبات منانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جمعرات کو اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے بتایا کہ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ قیام پاکستان کے 75 سال مکمل ہونے کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کی طرز پر ملک بھر میں یوم تکبیر قومی جذبے سے منایا جائے۔

وزیراعظم نے وفاق، چاروں صوبوں، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومتوں کے ساتھ مل کر تقریبات کے انعقاد کی ہدایت کی ہے۔ یوم تکبیر پر قومی تقریبات منانے کا آغاز 19 مئی سے ہوگا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ 28 مئی 1998 ء قومی افتخار اور پاکستان کے اپنی آزادی، خودمختاری اور قومی مفادات کی خاطر کبھی نہ جھکنے کی عظیم تاریخ کا دن ہے۔ انہوں نے کہا کہ محمد نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا تھا، اب معاشی قوت بنائیں گے۔ یہ وہ تاریخی دن ہے جب قومی قیادت نے بیرونی طاقتوں کے دبائو اور دھمکیوں کے باوجود دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے کا فیصلہ کیا اور قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی، صوبائی اور ضلعی سطح پر یوم تکبیر کی تقریبات منعقد کی جائیں گی، تعلیمی اداروں، طالب علموں اور نوجوانوں کو خاص طور پر ان تقریبات کا حصہ بنایا جائے گا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے تمام سیاسی جماعتوں، وکلا، ڈاکٹر، میڈیا، محنت کش، سول سوسائٹی تنظیموں سمیت معاشرے کے تمام طبقات سے اپیل کی ہے کہ وہ اس قومی دن کو قومی جذبے کے ساتھ منائیں، یہ دن قوم کے بے مثال اتحاد، یکجہتی اور پاکستان کے لئے ایک ہونے کا دن ہے، اس دن کو اسی انداز میں منانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے میڈیا سے درخواست کی کہ یوم تکبیر کے لئے خصوصی نشریات، پروگرامز اور تحریروں کے اہتمام سے اس قومی دن کی تقریبات میں اپنا حصہ ڈالیں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں