لاہور(پی این آئی) پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ اگرفوج غیرسیاسی ہوتی ہے تو ہمیں باجوہ کو سلیوٹ کرنا چاہیے یا لڑنا چاہیے؟ اگر وہ غیرسیاسی ہیں تو کیاہم انہیں کہیں کہ کیوں غیرسیاسی ہیں؟انہوں نے کسی کو جاکرنہیں کہا کہ تم زرداری یا شہبازکو ووٹ دیں،ان کا حلف ہے کہ وہ سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے،موجودہ صورتحال میں پتا چلا کہ وہ نیوٹرل رہ سکتے ہیں۔
انہوں نے پیپلزپارٹی کے سینئر رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ زرداری بھاری نہیں ، کبھی اس کو قبول نہیں کیا، بھاری صرف اللہ کی ذات ہے انسان بہت کمزور ہے۔ میں سن رہا ہوں اور دیکھ رہا ہوں کہ لوگ اس نعرے کو کہ الیکشن کرائیں، آج تک ہم کہتے رہے کہ الیکشن کرائیں یہ دھاندلی کے الیکشن ہیں، تو سلیکٹڈ سمیت کسی نے بات نہیں سنی، ہم نے پی ٹی آئی کے ووٹوں کے بغیر حکومت بنائی، اب کہتے الیکشن کرائیں، ہم نے کب کہا ہم الیکشن سے ڈرتے ہیں۔
ہمارے گیم پلان میں الیکٹورل اور نیب اصلاحات شامل ہیں، آج معیشت اس نہج پر پہنچ گئی ہے جب لوگ ہمیں پیسا دینے کو بھی تیار نہیں ہے، اسی طرح اسٹاک ایکسچینج کا حال مشرف نے کیا تھا ، میں نے 9ہزار سے چھوڑ کر 26ہزار پر اسٹاک ایکسچینج چھوڑی، ان کو فکر الیکشن کی ہے، الیکشن جلدی کرائیں، یہ الیکشن جلدی کرا کے کیا کرے گا؟ اس نے چار سال کیا کیا؟ انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف سے رات بات ہوئی کہ جیسے ہی انتخابی اصلاحات ہوں الیکشن کرائے جائیں، نوازشریف سے گزشتہ رات بات کی اور انہیں سمجھایا ہے، آج جو بات کررہاہوں میاں صاحب کی منظوری سے کررہا ہوں، میاں صاحب سے مشاورت کے بعد بات کررہا ہوں، انتخابی اصلاحات میں تین یا چار ماہ لگیں گے اس کے بغیر الیکشن میں نہیں جائیں گے، نہیں چاہتے دوبارہ کوئی سلیکٹڈ آئے۔
جیسے ہی ہمارے اہداف پورے ہوجائیں گے تو ہم الیکشن کرائیں، ہمارے پاس اس وقت تیل مہنگا ہے، ہم تیل کہاں سے لائیں گے؟سعودی حکومت نے ایک بلین بیرل کی 70ڈالرکا معاہدہ کیا ہوا ہے، وہ مل رہی ہے، وزیراعظم کے سعودی حکومت سے اچھے تعلقات ہیں وہ بات کریں گے، جب تک آئی ایم ایف کا پروگرام چل رہا ہے، تب تک مشکلات ہیں، ہم تیل کی قیمتیں نہیں بڑھانا چاہتے، ایک بار آئل کی قیمت بڑھتی ہے تو ہر چیز کی قیمت بڑھ جاتی ہے، وہ کہتا تھا میں آلو اور ٹماٹر کی قیمت کیلئے نہیں آیا تھا لیکن ہم نے ہر گھر کے بجھے چولہے کو جلانا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسٹیٹ لائف انشورنس اس وقت 100بلین سے بڑا سرمایہ ہے، آپ 26فیصد کسی بزنس ہاؤس کو دے دیں، جس کا ٹریک اچھا ہو،یا 26فیصد مارکیٹ میں لگا دیں آپ کو کم ازکم 10بلین ملے گا، اسی طرح بجلی لائنز کی نجکاری کردی جائے، میں چاہوں گا معیشت کیلئے پاکستان کے بزنس مین ہمارے ساتھ بیٹھیں اور بات کریں ، پہلے قصہ چل جاتا تھا، آج 50ہزار تنخواہ والا بھی گزارا نہیں کرسکتا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان جھوٹ جھوٹ کا پلندہ ہے، اوورسیز پاکستانیوں کو عمران خان نے گمراہ کیا ہوا ہے، کیونکہ وہ باہر ہیں ان کو حالات کا نہیں پتا، ان کا پاکستان کی گرمی سردی یا مہنگائی کا نہیں پتا۔ ہم نے حل پاکستان میں رہ کر بنانا ہے، پہلی بار اگرفوج غیرسیاسی ہوتی ہے تو مجھے باجوہ کو سلیوٹ کرنا چاہیے یا لڑنا چاہیے؟ اگر جنرل باجوہ غیرسیاسی ہیں تو ہم ان کو کہیں آپ کیوں غیرسیاسی ہیں؟انہوں نے کسی کو جاکرنہیں کہا کہ تم زرداری، شہبازیا کسی اور کو ووٹ دو، ان کا آئین قانون کے تحت کہ وہ سیاست میں مداخلت نہیں کریں گے، وہ غیرسیاسی ہونے کا حلف لیتے ہیں، موجودہ ساری صورتحال میں ہمیں پتا چل گیا کہ وہ غیرسیاسی رہ سکتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں