لاہور/پشاور(آئی این پی)پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آٹے کی قیمتیں قابو سے باہر ہوگئیں، پنجاب میں 20 کلو کا تھیلا 200 روپے مہنگا ہوکر 1300 روپے کا ہوگیا۔ادھر پشاور میں بھی 20 کلو کے تھیلے پر 100 روپے بڑھ گئے اور قیمت 1400 روپے ہوگئی۔ قیمت بڑھنے پر شہری سر پکڑ کر بیٹھ گئے، بیوپاریوں نے ساری ذمے داری پنجاب سے ترسیل کی بندش پر ڈال دی اور کہا کہ پرانا اسٹاک ختم ہوگیا، مزید بحران کا خدشہ بھی ظاہر کردیا۔اس حوالے سے محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نے دو سے تین روز میں صورتِ حال معمول پر لانے کا دعوی کردیا۔
اسلام آباد میں بھی آٹے کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ بلوچستان میں بھِی آٹے کی قیمتیں بڑھنے کا خدشہ ہے۔سندھ میں اب تک آٹے کی قیمتیں مستحکم ہیں۔خیال رہے کہ ہفتہ کوخیبر پختونخوا کے علاقہ شانگلہ میں خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ کے پی میں اتنا عرصہ تحریک انصاف کی حکومت رہی کتنے اسپتال بنے مفت علاج کیے؟ یہاں جو وزیراعلی ہیں وہ سستا آٹا فراہم کریں، اگر کر دیں گے تو شکر گزار ہوں گا، نہیں کریں گے تو اپنے کپڑے بیچ کر آٹا سستا کروں گا۔ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا کی ہر دکان پر سستا آٹا مہیا کرنے کا طریقہ آتا ہے، اگلے ایک دو دن میں آٹے کی جو قیمت پنجاب میں ہوگی وہی کے پی میں ہوگی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں