اعلیٰ امریکی شخصیت کا پاکستانی ہم منصب سے ٹیلیفونک رابطہ، پاک امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار

اسلام آباد (آئی این پی )وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو امریکہ کے ہم منصب انتھونی بلنکن نے ٹیلی فون کیاجس دوران انتھونی بلنکن نے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو ان کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی اور باہمی فائدہ مند پاک امریکہ دو طرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔جاری بیان کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو میںپاکستان امریکہ تعلقات کے مختلف پہلوئوں پر تبادلہ خیال کیاگیا ، وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان وسیع البنیاد دیرینہ تعلقات ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور باہمی مفاد کی بنیاد پر تعمیری اور پائیدار روابط خطے اور اس سے باہر امن، ترقی اور سلامتی کے فروغ کے لیے ناگزیر ہیں۔ وزیر خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان کا وژن انسانی ترقی، علاقائی روابط اور پرامن ہمسائیگی پر مرکوز ہے۔ گزشتہ دو سالوں کے دوران کوویڈ وبائی مرض سے نمٹنے میں پاکستان امریکہ تعاون پر امریکی وزیرخارجہ بلنکن نے پاکستان کو اس ماہ کے آخر میں ہونے والی دوسری عالمی کوویڈ سمٹ میں مدعو کیا۔ سیکرٹری آف سٹیٹ کی طرف سے 18 مئی 2022 کو نیویارک میں منعقد ہونے والے گلوبل فوڈ سیکیورٹی سے متعلق وزارتی اجلاس میں پاکستان کی شرکت کی دعوت بھی دی گئی۔وزیر خارجہ اور امریکی ہم منصب نے باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر رابطے میں رہنے اور مشغولیت کو بڑھانے پر اتفاق کیا۔اس ضمن میں وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا اپنے ٹویٹ میں کہنا تھاکہ انتھونی بلنکن سے امن، ترقی و سکیورٹی پر بات اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات کی بنیاد پر آگے بڑھنے پر اتفاق ہوا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close