ملک میں خانہ جنگی، شیخ رشید کے خدشے کے بعد وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا بڑا بیان آگیا

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ شیخ رشید جیسے لوگ معاشرے میں فتنہ اور خانہ جنگی کے حالات پیدا کرتے ہیں۔سابق وزیر داخلہ کو جواب دیتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ شیخ رشید کی ملک میں خانہ جنگی کی خواہش کبھی پوری نہیں ہو گی۔ سستی شہرت کیلئے اوٹ پٹانگ گفتگو سے عوام گمراہ نہیں ہوں گے، پوچھتا ہوں کہ شیخ رشید کو گرفتاری کا خوف نہیں تو ضمانت قبل از گرفتاری کیوں کرارہے ہیں؟

 

 

وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ مسجد نبوی واقعے کا ماسٹر مائنڈ شیخ رشید ہے، جس نے جدہ کے ہوٹل میں پی ٹی آئی عہدیداروں کے ساتھ مل کر سازش تیار کی۔ اپنی خود غرضی اور ہوس میں تم نے تو اپنے بھتیجے کو بھی نہیں بخشا، تمہارا بھتیجا تمہاری سازش کی وجہ عید جیل میں کاٹ رہا ہے۔رانا ثنا اللہ نے یہ بھی کہا کہ اپوزیشن نے آئینی اور قانونی طریقے سے عمران نیازی کو اقتدار سے رخصت کیا، عمران نیازی کے پاس اختیار تھا، اسمبلیاں توڑ کر نئے الیکشن کرادیتے۔ آج حکومت اور ریاستی اداروں سے الیکشن کی بھیک کیوں مانگتے ہو؟ الیکشن کا موزوں ترین وقت کون سا ہے یہ فیصلہ اب ہم نے کرنا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ خزانے کو لوٹنے اور ملک کو معاشی بانجھ کرنے کا حساب لئے بغیر الیکشن نہیں ہوں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں