اسلام آباد(پی این آئی)سابق وزیراعظم اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے مئی کے آخری ہفتے میں موجودہ حکومت کیخلاف مارچ کا اعلان کردیا۔ٹوئٹر پر جاری ویڈیو بیان میں عمران خان نے کہا کہ ’کور کمیٹی کے اجلاس میں اس بات پر تفصیل سے غور کیا گیا کہ اسلام آباد کی کال کب دینی ہے اور اس کی نوعیت کیا ہوگی۔
چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا اہم پیغام- #الیکشن_کراو_پاکستان_بچاو #MarchAgainstImportedGovt pic.twitter.com/aycL0osudR
— PTI (@PTIofficial) April 30, 2022
‘انہوں نے مزید کہا کہ ’ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ مئی کے آخری ہفتے میں صرف تحریک انصاف کے کارکنوں کو نہیں سارے پاکستانیوں کو کال دینے لگے ہیں، یہ کال اس لیے دے رہے ہیں کہ ہمارے ملک کی توہین کی گئی ہے۔‘عمران خان نے کہا کہ ایک بیرونی سازش کے تحت کرپٹ ترین لوگوں کو ملک پر مسلط کیا گیا ہے۔ کابینہ کے 60 فیصد لوگ ضمانت پر ہیں، جو پرائم منسٹر بنا ہے اسے کرائم منسٹر کہتے ہیں، یہ ملک کی توہین ہیں، اس لیے میں چاہتا ہوں کہ ابھی سے سب تیاری کریں اور ہماری تیاری کا آغاز ہوگا چاند رات سے۔انہوں نے کہا کہ میں اپنے نوجوانوں کو یہ پیغام دیتا ہوں کہ آپ نے جھنڈے پکڑ کر چاند رات کو نکلنا ہے اور ساری دنیا کو بتانا ہے کہ پاکستان ایک زندہ قوم ہے۔
اس کے بعد ہماری ساری تیاری اسلام آباد مارچ کی ہوگی جو میرا ایمان ہے کہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا مجمع جمع ہوگا، عوام کا سمندر اسلام آباد میں آئے گا جو یہ بتائے گا کہ کبھی آج کے بعد کوئی بیرونی ملک ہمارے اوپر ایک کرپٹ ٹولہ مسلط نہیں کرسکے گا، پاکستان کا فیصلہ پاکستان کی عوام کرے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں