اسلام آباد(آئی این پی)نئی حکومت بھی آئی ایم ایف کے روڈ میپ پر چل پڑی، قرض کا موجودہ پروگرا م جاری رکھنے پر اتفاق کرلیا گیا جس کے مطابق پٹرول مزید مہنگا کیا جائے گا، بجلی کے نرح بھی بڑھیں گے، نجی ٹی وی کے مطابق پاکستانی وفد اور آئی ایم ایف حکام کے مذاکرات کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا جس کے مطابق پاکستانی وفد اور آئی ایم ایف کے حکام کے درمیان کئی ملاقاتیں ہوئیں، آئی ایم ایف کی ڈپٹی مینجنگ ڈائریکٹر اینٹونیٹ سیہ، ڈائریکٹر ایم سی ڈی جہاد ازور اور مشن چیف ناتھن پورٹر شامل تھے،
وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کی سربراہی میں وزیر مملکت عائشہ غوث پاشا، گورنر اسٹیٹ بنک اور دیگر حکام شامل تھے، وفد نے ساتویں جائزہ کو مکمل کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا،اعلامیہ کے مطابق وزیر خزانہ نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کے اتار چڑھائو سے غریب طبقے کو محفوظ رکھنے کے اقدامات پر روشنی ڈالی، عالمی تیل کی قیمتوں اور مالیاتی نظم و ضبط لانے کے لئے حکومت کی ترجیحات اور کوششوں کو بھی بیان کیا جبکہ آئی ایم ایف نے پاکستانی وفد سے مکمل حمایت کا اظہار کیا،مشن چیف ناتھن پورٹر کی قیادت میں آئی ایم ایف کا مشن مئی میں پاکستان کا دورہ کرے گا، آئی ایم ایف وفد حکومت کی اعلان کردہ پٹرول اور بجلی پر سبسڈی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کرے گا،
اعلامیہ کے مطابق پاکستانی وفد کی ورلڈ بینک کے ایم ڈی ایکسل وان ٹراٹسنبرگ، نائب صدر ہارٹ وِگ شیفر اور دیگر عہدیداروں سے بھی ملاقات ہوئی، جاری پروگرام، قرضوں اور منصوبوں کی پیشرفت کے ساتھ ساتھ مزید امداد کے مواقع پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، وزیر خزانہ نے بینک کی طرف سے فراہم کی جانے والی مالی اور تکنیکی مدد پر بینک حکام کا شکریہ ادا کیا جبکہ ایم ڈی آپریشنز نے بھی پاکستان کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں