پشاور (آئی این پی)پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ہم امریکہ کی طرف سے غیرت مند قوم پر مسلط کردہ امپورٹڈ حکومت اور وزیر اعظم کو ہر گز قبول نہیں کرتے ، یہ 22 کروڑ عوام کی توہین ہے ،عوام نے اتوار کو فیصلہ کر دیا تھا کہ وہ
غلامی نہیں آزادی چاہتے ہیں ، پشاور کے عوام میں ہٹائے جانے کے بعد جو مجھے عزت دی اور عوام نے مقبولیت ملی میں اس پر شکرگزار ہوں ، یہ 1970 کا پاکستان نہیں جب امریکی سازش پر ذوالفقار بھٹو کو ہٹا کر تختہ دار پر لٹکا دیا گیا یہ نیا اور سوشل میڈیا کا پاکستان ہے ، میں اپنی عوام کو ان بیغیرتوں کے خلاف کھڑا کرنے کے لئے ہر شہر سے سڑکوں پر نکلوں گا اور عوام کا جم غفیر ہوگا ۔ امریکہ نے سازش کرکے 22 کروڑ عوام پر ڈاکوئوں کی حکومت مسلط کر ڈالی لیکن عوام اسے ہرگز تسلیم نہیں کرتے ، پاکستان ایک قوم بن چکا ہے سب کو مبارک ہو ۔ وہ بدھ کو یہاں ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔ عمران خان نے کہا کہ میں شاندار استقبال پر پشاور والوں کا شکرگزار ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ جب پاکستان کے کسی بھی وزیر اعظم کو ہٹایا جاتا تھا تو مٹھائیاں بانٹی جانتی تھی تاہم مجھے ہٹائے جانے کے بعد عوام نے عزت دی اور مجھے مقبولیت ملی ۔ میرے لئے سڑکوں پر نکلنے پر میں عوام کا بہت شکرگزار ہوں ۔ عمران خان نے کہا کہ پاکستان ایک قوم بن چکا ہے جو یہ سوچتا تھا کہ باہر سے امریکہ کی امپورٹڈ حکومت کو تسلیم کر لیا جائے گا لیکن گزشتہ اتوار کو عوام نے میری کال پر سڑکوں پر نکل کر یہ بتا دیا کہ امپورٹڈ حکومت نامنظور ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ قوم کے لئے فیصلہ کن وقت آچکا ہے کہ کیا ہم غلامی چاہتے ہیں یا آزادی کیا ہم امریکیوں کی غلامی کرنے آئے ہیں یا حقیقی آزادی ،غیرت مند پاکستانی کسی بے غیرت حکومت کو نہیں مانتے ۔
باہر سے مسلط کردہ حکومت میں بیٹھے تمام لوگ ضمانت پر رہا اور مجرم ہیں ۔ شہباز شریف اور اس کا بیٹا ضمانت پر رہا ، نواز شریف اور اس کے بیٹے مجرم اور مفرور، بیٹی ضمانت پر رہا ۔ انہوں نے کہا کہ امریکیوں نے ملک پر بڑے بڑے ڈاکوئوں کو مسلط کرکے ہمارے ملک اور قوم کی توہین کی ہے ۔ قوم کبھی بھی ان ڈاکوئوں کو قبول نہیں کرے گی ۔ میں پاکستان کے ہر شہر میں ان بے غیرتوں کے خلاف عوام کو کھڑا کرنے کے سڑکوں پر نکلوں گا ۔ جمعرات کو لاہور کے مینار پاکستان آرہا ہوں ۔ اب دنیا دیکھے گی کہ کتنے عوام سڑکوں پر نکلتے ہیں اگر کسی کا خیال ہے کہ شہباز شریف جس کے خلاف چالیس ارب روپے کے کرپشن کے کیسز ہیں ہم اس کو ہرگز اپنا وزیر اعظم تسلیم نہیں کرینگے ۔ جو سمجھتا ہے ہم ان چوروں کو حکومت کے لئے قبول کریں گے وہ غلطی پر ہے ۔ میں واضح کر دوں یہ 1970 کا پاکستان نہیں جس میں امریکہ کی سازش کے تحت ذوالفقار بھٹو کو ہٹا کر پھانسی دیدی گئی یہ کام ان میر جعفروں اور میر صادقوں نے کرایا ۔ یہ نیا پاکستان باشعور لوگوں کا پاکستان اور سوشل میڈیا کا پاکستان ہے ۔ پاکستان کی سلامتی ان چوروں اور ڈاکوئوں کے ہاتھوں میں ڈالی جا رہی ہے ۔ امریکہ نے دھمکی آمیز خط میں کہا کہ عمران خان اقتدار میں نہ رہے تو ہم پاکستان کی ساری غلطیاں معاف کر دیں گے ۔ امریکیوں ہمیں تمہاری معافی کی ضرورت نہیں ۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں