اسپیکر آرٹیکل 5 کا حوالہ بھی دے تو تحریک عدم اعتماد مسترد نہیں کرسکتا، چیف جسٹس

اسلام آباد (پی این آئی )چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال کا کہنا ہے کہ اسپیکر آرٹیکل 5 کا حوالہ بھی دے تو تحریک عدم اعتماد مسترد نہیں کرسکتا، کوشش ہے اس کیس کا جلد ازجلد فیصلہ کریں ۔نجی ٹی وی جیو کے مطابق ملک میں پیدا ہونے والی آئینی صورت حال پر سپریم کورٹ کے از خود نوٹس کی سماعت جاری ہے۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے گزشتہ روز قومی اسمبلی اجلاس میں پیدا ہونے والی صورت حال پر ازخود نوٹس لیا تھا۔

کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم درخواست گزاروں کو پہلے سننا چاہتے ہیں، اگر کوئی اسٹیٹمنٹ دینا چاہتا ہے تو دے دے۔پی ٹی آئی کے وکیل بابر اعوان نے اپنے دلائل میں کہا کہ سپریم کورٹ کے 21 مارچ 2022 کے فیصلےکا حوالہ دینا چاہتا ہوں، اٹارنی جنرل نے عدالت کویقین دہانی کرائی تھی کہ کسی رکن اسمبلی کو آنے سے نہیں روکا جائےگا، سپریم کورٹ نے تحریک انصاف کی اتحادی جماعتوں کو نوٹس نہیں کیا تھا۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ گزشتہ روز مختصر حکم نامہ جاری کیا تھا، ہم گزشتہ روز اسمبلی کی کارروائی پر سماعت کر رہے ہیں۔ڈپٹی سپیکر کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کو غیرآئینی قرار دیے جانے کے معاملے پر ازخود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے کہا ہے کہ ’آج ہی مناسب حکم جاری کریں گے۔‘پیر کو چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ کیس کی سماعت کر رہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں