آئین توڑنے کی ذمہ داری چار شخصیات پر ڈال دی گئی، کون کون شامل؟

اسلام آباد(آئی این پی)ترجمان پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ ( پی ڈی ایم )نے کہا ہے کہ عمران نیازی کے آج کے اقدام نے ثابت کردیا یہ جمہوری حکومت نہیں ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان پی ڈی ایم حافظ حمد اللہ نے ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خط کی شکل میں غیرثابت شدہ بیرونی سازش کی بنیاد پر ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ مضحکہ خیز ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ پارلیمنٹ آئین قانون اور جمہوریت پرخودکش حملہ تھا، رولنگ بھی غیر آئینی اسمبلیاں توڑنے کی ایڈوائس بھی غیرآئینی ہے، اس آئین شکنی کے اصل کردارچار ہیں، جس میں عمران نیازی ڈپٹی سپیکر اسپیکر اور فواد چوہدری شامل ہیں جبکہ صدر پاکستان عارف علوی بھی اس آئین شکنی سے مستثنی نہیں ہے، آئین کے آرٹیکل 6کے تحت ان تمام کرداروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے، موجودہ حکومت آئین و جمہوریت پر یقین نہیں رکھتی، عمران نیازی کے آج کے اقدام نے ثابت کردیا یہ جمہوری حکومت نہیں ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم نے کہا کہ پی ڈی ایم کا سپریم کورٹ پر بھروسہ ہے کورٹ آئین، پارلیمنٹ، قانون ،اور جمہوریت کی لاج رکھے گی۔حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ اب الیکشن کا فیصلہ عمران نیازی نہیں پی ڈی ایم اورمتحدہ اپوزیشن کااستحقاق ہے۔انہوں نے کہا کہ غیرآئینی حکمران، غیرمتوازن، اور غیر جمہوری شخص نیازی پی ڈی ایم کو الیکشن کامشورہ نہیں دے سکتے۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں