اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کیے جانے کے بعد اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے حکومت کی اتحادی جماعتوں کی حمایت حاصل کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس حوالے سے اپوزیشن کی بڑی جماعت مسلم لیگ (ن) کی حکومتی اتحادی پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے۔ اسلام آباد میں چوہدری برادران کی رہائشگاہ پر ن لیگی وفد کی ق لیگی قیادت سے ملاقات ہوئی، جس میں باہمی سیاسی تعاون سمیت دیگر اہم امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ن لیگ کے ذرائع کے مطابق انہوں نے ق لیگی قیادت کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ دینے کی باقاعدہ پیشکش کر دی ہے۔ذرائع کے مطابق ق لیگ نے دوران گفتگو ن لیگی پیشکش پر جواب دینے کے لیے 2 دن کی مہلت مانگ لی ہے۔ ن لیگی ذرائع کے مطابق دونوں جماعتوں کا اس دوران رابطے جاری رکھنے پر بھی اتفاق ہو گیا ہے۔ اس سے قبل اطلاعات آئیں تھی کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے ق لیگ کو وزارتِ اعلیٰ دینے کی ہامی بھر لی ہے۔ گزشتہ رات ن لیگ کے سینئر رہنما رانا تنویر حسین نے کہا تھا کہ چوہدری برادران سے ہماری بہت سی باتیں زیر غور ہیں۔
انہوں نے مزید کہا تھا کہ چوہدری برادران سے ایک یا دو دن میں فیصلہ ہوجائے گا، اسی دوران ایم کیو ایم بھی فیصلہ کرلے گی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں