اسلام آباد ( پی این آئی)وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ تمام جماعتوں کو اسلام آباد میں جلسے کی اجازت ہے لیکن اگر کسی نے دھرنا دیا تو اسے کچل کر رکھ دوں گا۔تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ عدالتی احکامات پر امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھا جائے گااور کسی کو دھرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی،پاکستان تحریک انصاف وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں 27مارچ کو تاریخی جلسہ کرے گی،
عدم اعتماد میں عدالتی مفرور ووٹ ڈالنے آرہے ہیں جن کی گرفتاری کا حکم دے دیاہے،دنیا کی نظریں پاکستانی سیاست پر ہیں اور عمران خان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے،اپوزیشن والے بوکھلاہٹ اور گھبراہٹ کا شکار ہیں اوروزیراعظم عمران خان عدم اعتماد میں سرخرو ہوں گے،او آئی سی کانفرنس کی کامیابی پر تمام اداروں اور منتظمین کومبارکباد پیش کرتا ہوں۔ان خیالات کا اظہار شیخ رشید احمد نے ہفتہ کواسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ 27مارچ کو پاکستان تحریک انصاف کا ایک تاریخی جلسہ ہوگا اور راولپنڈی سے ایک بڑی ریلی لال حویلی سے نکلے گی کیونکہ راولپنڈی کے عوام وزیراعظم عمران خان اور وفاداروں کے ساتھ کھڑے ہونے والے ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمیں اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ اپوزیشن والے بوکھلائے اور گھبرائے ہیں جس کی وجہ سے پی ٹی آئی کی ریلی اور جلسہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی جارہی ہے اوراگر پاکستان تحریک انصاف کی ریلی میں رکاوٹیں ڈالنے کی کوشش کی گئی تو سخت ایکشن لیاجائے گا
۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے احکامات پرسختی سے عمل کریں گے جس کے مطابق سرینگر ہائی وےکو رینجرز کے حوالے کردیا گیا ہے تاکہ امن وامان کی صورتحال کوبرقرار رکھا جاسکے۔انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی کے لیے دوہزار رینجرز، دو ہزارایف سی اور دو ہزار دیگر اہلکار تعینات کردیئے گئے ہیں۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ ناظم جوکھیو کے قتل میں نامزد ملزم رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم دبئی سے عدم اعتماد میں ووٹ ڈالنے آرہے ہیں
جن کی گرفتاری کے لیے آئی جی سندھ کو احکامات جاری کردیئے ہیں اور جیسے ہی وہ پاکستان پہنچیں گے انہیں گرفتار کرلیا جائے گا اور ان کا نام بھی انٹرپول اور ای سی ایل میں شامل کردیاجائے گا تاکہ جہاں بھی ہو اسے پکڑا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کو ایچ نائن گراونڈ میں جلسہ کی اجازت دی گئی ہے ۔کسی بھی جماعت کو دھرنا دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور اگرکسی نے امن وامان خراب کرنے کی کوشش تو ان سے سختی سے نمٹا جائے گا
اور اگر ضرورت پڑی تو فوج کو بھی طلب کیا جائے گا۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ او آئی سی کی کامیابی پر پاک فوج، رینجرز، اسلام آباد پولیس اور دیگر تمام منتظمین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے مبارکباد پیش کرتا ہوں جنہوں نے سکیورٹی کے بہترین انتظامات کئے کیونکہ ملک دشمن اس کانفرنس کو ناکام بنانا چاہتے تھےمگر ہمیں تاریخی کامیابی ہوئی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں