اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ ناظم جوکھیو کے قتل میں ملوث پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم بھی تحریک عدم اعتماد پر ووٹ ڈالنے آرہے ہیں۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ’اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچنے پر ہم جام عبدالکریم کو گرفتار کرلیں گے۔ہم نے اس سلسلے میں کوتاہی برتی ہے، آج ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں ڈالیں گے اور انٹرپول کو بھی آگاہ کریں گے۔شیخ رشید نے ایک بار پھر
زور دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی نے قانون کو ہاتھ میں لینے کی کوشش کی تو قانون اس کو ہاتھ میں لے گا۔‘انہوں نے او آئی سی کے انعقاد پر سب کو مبارک باد دیتے ہوئے انکشاف بھی کیا کہ ’اس موقعے کے لیے ملک دشمنوں کا کچھ ایجنڈا بھی تھا۔تحریک عدم اعتماد کے بعد اس بارے میں بتاؤں گا۔وزیر داخلہ کے مطابق ’آرٹیکل 245 کے تحت ضرورت پڑنے پر حکومت فوج کو طلب کر سکتی ہے۔امید ہے ضرورت نہیں پڑے گی، تاہم اگر پڑی تو وہ خود ہی آجائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ’جلسوں کے دوران کسی کو ریڈ زون میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہوگی۔‘
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں