اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے ملک میں قبل از وقت انتخابات کا اشارہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں الیکشن جلدی بھی ہوسکتے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو میں انہوں کہا کہ اپوزیشن کے پاس ہمارے بندے ہیں تو ہمارے پاس بھی انکے بندے ہیں، اپوزیشن اپنے جال میں خود پھنس گئی ہے، کوئی کہیں نہیں جارہا، عثمان بزدار کے جانے کی باتیں بھی افواہیں ہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ وزیراعظم تاریخ کا عظیم جلسہ 27مارچ کو پریڈ گراؤنڈ میں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی جانب سے جلسے کی درخواست نہیں ملی، ن لیگ لانگ مارچ کا شیڈول فراہم کرے، کل کوئی شرارت ہوجائے تو وزارت داخلہ ذمےدار نہیں۔ شیخ رشید نے کہا کہ ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے سوشل میڈیا پر فوج ، عدلیہ کیخلاف بولنے والوں کیخلاف فوراً کارروائی کریں۔ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ آج کے بعد سے آپ اچھی خبریں سنیں، حالات روز بہتری کی طرف جائیں گے، اتحادیوں سے پوری امید ہے، پاکستان کی عدلیہ دور اندیش اور صاحب علم عدلیہ ہے، خواہش ہے کہ ملک اور جمہوریت آگے بڑھے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں