ایف آئی اے امیگریشن نے ن لیگ کے سینئر رہنما کو گرفتار کر لیا

راولپنڈی (پی این آئی) ایف آئی اے امیگریشن نے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما سابق سینیٹر چوہدری تنویر کو گرفتار کر لیا ہے، چوہدری تنویر کا نام بیرون ملک جانے کے حوالے سے مسافروں کی بلاک لسٹ میں تھا۔ ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ چوہدری تنویر کے خلاف اینٹی کرپشن پنجاب میں مقدمہ درج ہے، اینٹی کرپشن پنجاب کی اپیل پر ہی ملزم کا نام بلاک لسٹ میں ڈالا گیا تھا۔

ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ سابق سینیٹر چوہدری تنویر کراچی سے دبئی فرار کی کوشش کر رہے تھے، ابتدائی تحقیقات کے بعد ملزم کو پنجاب اینٹی کرپشن کے حوالے کیا جائے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ چوہدری تنویر پر سرکاری اراضی پر قبضے اور فراڈ کا الزام ہے، اینٹی کرپشن نے سرکاری اراضی پر قبضے کے الزام میں چوہدری تنویر پر مقدمہ درج کر رکھا ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ دو روز قبل بھی اینٹی کرپشن پنجاب نے راولپنڈی میں پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما چوہدری تنویر کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا مگر وہ اپنی رہائش گاہ پر موجود نہیں تھے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close