اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی اہم ترین شاہراہِ دستور کے پہلو میں واقع پارلیمنٹ لاجز میں گزشتہ رات جمعیت علمائے اسلام کی تنظیم انصار الاسلام کے کارکنوں کی گرفتاری اور لاجز میں اپوزیشن کے ارکان پارلیمنٹ کے کمروں پر پولیس کے دھاوا بولنے کے بعد جمیعت علمائے اسلام کی طرف سے احتجاج کے خدشے کے پیش نظر اسلام آباد میں پارلیمنٹ جانے والے راستے خار دار تاریں اور بیرئیر لگا کر سیل کر دیئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق ڈی چوک اورنادرا چوک سے پارلیمنٹ کےانٹری پوائنٹ کوسیل کر دیا گیا ہے۔
مقامی حکام کا کہنا ہے کہ یہ اقدام جے یو آئی ف کے ممکنہ احتجاج کے باعث کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اسلام آباد میں جمعیت علمائے اسلام ف کے تمام کارکنوں کو شخصی ضمانت اور ضمانتی مچلکوں پر رہا کردیا گیا، رہائی کے بعد جے یو آئی کے تمام کارکن اور دونوں رکن قومی اسمبلی تھانہ آبپارہ سے روانہ ہوگئے۔ یہ بات اہم ہے کہ گزشتہ شب اسلام آباد میں پارلیمنٹ لاجز کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا تھا کہ صبح تک اراکین پارلیمنٹ اور ساتھیوں کو رہا نہ کیا گیا تو صبح 9 بجے کے بعد کارکنان پھر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں