تین ہفتوں میں سب ٹھیک ہوجائیگا، وزیراعظم عمران خان نے بڑی یقین دہانی کرا دی

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پُراعتماد رہیں ،3 ہفتوں میں سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا، پی ٹی آئی ارکان پُراعتماد رہیں اور پراعتماد نظر بھی آئیں، چند روز میں سب ٹھیک ہوجائے گا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کورکمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد سے متعلق مشاورت کی گئی۔

اجلاس میں کورکمیٹی ارکان نے وزیراعظم کے گزشتہ روز کے خطاب کی بھی حمایت کی۔خطاب میں سیاسی اور سفارتی محاذوں پر بتائی گئی پالیسی بالکل 100 فیصد درست ہے ۔ وزیراعظم عمران خان نے کورکمیٹی ارکان کو ہدایت کی ہے کہ پُراعتماد رہیں ، تین ہفتوں میں سب کچھ ٹھیک ہوجائے گا، اور ٹھیک بھی ہوجائے گا، آپ سب لوگ پُراعتماد رہیں اور پراعتماد نظر آئیں۔وزیراعظم عمران خان نے گورنرسندھ عمران اسماعیل کو ٹاسک دیا ہے کہ جودوست ناراض ہیں ان کے تحفظات دور ہونے چاہئیں۔مزید برآں نیوز ایجنسی کے مطابق آج پیر کو عمران خان کی زیرصدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں شاہ محمود قریشی، اسد عمر، پرویز خٹک، بابر اعوان کے علاوہ گورنر کے پی، گورنر سندھ، گورنر پنجاب نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

مشیر پارلیمانی امور بابر اعوان نے قانونی امور پر بریفنگ دی۔وزیر اعظم نے کہا کہ جنہیں مقدموں کو خطرہ ہے وہ لوٹی ہوئی دولت سے انقلاب نہیں لاسکتے۔ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے وزیر دفاع اور گورنر سندھ کو فوری طور پر ناراض اراکین سے رابطہ کرنے کی ہدایت کردی۔ ذرائع نے بتایا کہ پرویزخٹک اور عمران اسماعیل خیبرپختون خوا، پنجاب،بلوچستان کے ناراض اراکین سے رابطہ کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ چوروں کا ایجنڈا ناکام بنا دیں گے۔عمران خا ن نے کہاکہ عدم اعتماد والے شوق پورا کر لیں، ہماری تیاری مکمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمہوری حکومت کو کوئی خطرہ نہیں، جن کو مقدموں کو خطرہ ہے وہ لوٹی ہوئی دولت کے ذریعے انقلاب نہیں لا سکتے۔ وزیراعظم نے جنوبی پنجاب صوبہ کا بل قومی اسمبلی لانے کا فیصلہ کیا۔ گورنرسندھ عمران اسماعیل نے بتایا کہ عبدالعلیم خان سے رابطے میں ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close