واشنگٹن (پی این آئی) مشرقی یورپ کے ملک یوکرین پر روسی افواج کے حملے کے خلاف مدد کی بجائے امریکی حکمرانوں نے روسی قبضے کی تاریخیں دینا شروع کر دی ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق امریکی حکام نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس اتوار تک یوکرین کے دارالحکومت کیف پر مکمل قبضہ کرکے حکومت ختم کردے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق یوکرین کے مختلف شہروں پر بمباری کے بعد روس کے ہزاروں فوجیوں نے کیف کا زمینی محاصرہ کرلیا ہے۔
یوکرین کے چرنوبل ایٹمی پاور پلانٹ پر بھی روسی فوجیوں نے قبضہ کرلیا ہے۔ دوسری جانب یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روسی حملوں میں 137 شہریوں کی ہلاکت اور 150 زخمی ہونے کی تصدیق کردی ہے۔ اس حوالے سے یوکرین کے صدر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے 5 روسی ہیلی کاپٹر تباہ کردئے ہیں جبکہ 50 فوجی ہلاک اور 80 کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری نے یوکرین کو روس سے لڑنے کیلئے تنہا چھوڑ دیا ہے۔
ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا تھا کہ انہوں نے27 یورپی رہنماؤں سے سوال کیا کہ کیا یوکرین نیٹو میں شامل ہوگا، ڈر کی وجہ سے کوئی جواب نہیں دیتا لیکن ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں