ماسکو (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان روس کے صدر پیوٹن سے آج اہم ملاقات کریں گے۔ روس کی طرف سے ہمسایہ ملک یوکرین پر حملے کے بعد عالمی سطح پر پیدا ہونے والی کشیدگی کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات انتہائی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں دوطرفہ تعلقات اور افغانستان سمیت خطے کی صورتحال پر بات ہوگی۔ توانائی شعبے پر بھی عمران خان اور پیوٹن بات چیت کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان کے دورہ روس سے متعلق جاری اعلامیہ کے مطابق صدر پیوٹن اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات اس دورے کا اہم ترین جزو ہے۔ اعلامیے کے مطابق دونوں سربراہان مملکت کی ملاقات میں اسلاموفوبیا، افغانستان کی صورتحال اور پاک روس تجارتی تعلقات خاص طور پر توانائی کے شعبے پر بات چیت ہوگی۔ وزیراعظم اس دوران روس کے نائب وزیراعظم، سرمایہ کاروں اور تاجروں سے بھی ملیں گے۔
وزیراعظم عمران خان اس موقع پر ماسکو میں روس کی سب سے بڑی مسجد اور اسلامک سینٹر کا دورہ بھی کریں گے۔
وزیراعظم عمران خان دورہ روس مکمل کرنے کے بعد آج رات پاکستان کے لیے روانہ ہوجائیں گے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں