لاہور( پی این آئی ) شہباز شریف اور چوہدری برادران کے درمیان ملاقات کی اندرونی کہانی، شہباز شریف نے ق لیگ سے عدم اعتماد کیلئے مدد مانگ لی، چوہدری برادران کا ردعمل بھی سامنے آ گیا۔تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کی چوہدری برادران سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ملاقات کے تین دور ہوئے، پہلے دور میں دونوں جانب کی قیادت شریک ہوئی، دوسرے دور میں شہباز شریف، چوہدری شجاعت حسین اور پرویز الٰہی شریک ہوئے، تیسرے دور میں شہباز شریف، شجاعت حسین، پرویزالٰہی، سعد رفیق، ایاز صادق بھی شریک ہوئے، بعد ازاں رانا تنویرکو بھی ملاقات میں شریک کرلیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ شہباز شریف نے چوہدری برادران کو اپوزیشن کے فیصلوں کے حوالے سے اعتماد میں لیا۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عدم اعتماد لانےکا فیصلہ کیا ہے، ساتھ دیا جائے، آپ کے حکومت سے متعلق تحفظات بھی سامنے آتے رہتے ہیں، اب بڑا فیصلہ کریں، آصف علی زرداری اور مولانا فضل الرحمان بھی آپ سے ملے ہیں، اپوزیشن یکسو ہےکہ حکومت کو گھر جانا چاہیے۔چوہدری برادران کا کہنا تھا کہ ہم سیاسی صورت حال پر پارٹی مشاورت کریں گے، آنے والے دن اہم ہیں، ہم صورت حال کے تناظر میں غور کے بعد لائحہ عمل اختیار کریں گے۔
ذرائع کے مطابق دونوں جانب کی قیادت نے ڈیڑھ گھنٹہ سے زائد ملاقات کی۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر و قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف 14 سال بعد چوہدری برادران سے ملاقات کے لیے ان کے گھر پہنچے تھے۔شہبازشریف نے مسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی سے ملاقات کی۔ ن لیگ کے وفد میں ایاز صادق، رانا تنویر، خواجہ سعد رفیق، عطا اللہ تارڑ اور شبیر عثمانی شامل تھے، ملاقات میں سالک حسین اور شافع حسین بھی شریک ہوئے۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف اور چوہدری برادران کے درمیان ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور سمیت موجودہ ملکی سیاسی صورت حال پر تفصیل سےگفتگو کی گئی۔شہباز شریف نے اپنی اور نواز شریف کی جانب سے چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور چوہدری شجاعت حسین کی مکمل صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا۔ چوہدری شجاعت حسین نے ملاقات میں ن لیگ کے قائد نواز شریف کا بھی شکریہ ادا کیا۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے وفدکے ق لیگ کے وفد سے ملاقات کے 3 دور ہوئے، شہباز شریف نے چوہدری شجاعت اورپرویز الٰہی سےالگ ملاقات بھی کی۔ ذرائع کا کہنا ہےکہ شہباز شریف نےچوہدری برادران سے ملاقات کے بعد الگ کمرے میں اپنے وفد سے مشاورت کی، ن لیگ کی مشاورت کے بعد شہباز شریف نےچوہدری برادران سے پھر ملاقات کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں