بڑا انکشاف، شیخ رشید نے بلوچستان میں دہشت گردی کرنے والے گروہ کی جانب اشارہ دے دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کے پاس جدید اسلحہ ہے جو نیٹو فورسز چھوڑ کر گئیں۔ گزشتہ روز بلوچستان کے علاقوں نوشکی اور پنجگور میں دہشت گردوں کے حملوں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے بتایا کہ دہشت گردوں سے مقابلے میں پاک فوج کا میجر شہید ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ گیٹ پر داخلے کے لیے دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑیاں استعمال کیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کا حملہ کامیاب نہ ہو سکا،

وہ جو ارادے لے کر آئے تھے ان میں بری طرح ناکام ہوئے۔ شیخ رشید نے کہا کہ بلوچستان کے علاقے نوشکی اور پنجگور مکمل فورسز کے کنٹرول میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے کہ افغان طالبان نے کالعدم ٹی ٹی پی کو سمجھانے کی کوشش کی مگر وہ نہیں سمجھ رہے۔انہوں نے کہا کہ افغانستان کے علاقے کنٹر، پکتیا اور خوست میں داعش اور دیگر دہشت گرد تنظیمیں موجود ہیں۔وزیرِ داخلہ نے مزید کہا کہ ملک میں دہشت گردی میں اضافہ ہوا ہے، اس حوالے سے انٹیلی جنس اداروں کو الرٹ رہنے کا کہا ہے۔

مختلف سوالوں کے جواب میں شیخ رشید نے حزبِ اختلاف کے حوالے سے یہ کہا کہ اپوزیشن کچھ نہ کر سکی، حکومت کو ساڑھے 3 سال ہو گئے، سوا سال باقی رہ گیا ہے جس کے بعد عام انتخابات منعقد ہوں گے۔۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close