لاہور،نیو انار کلی پان منڈی کے قریب دھماکا، 2 جاں بحق، 21 زخمی، 4 کی حالت تشویشناک

لاہور (آئی این پی ) نیو انار کلی پان منڈی کے قریب دھماکے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 21 افراد زخمی ہوئے، 4 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔ امدادی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں۔ سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ پولیس اور ریسکیو 1122 کی ٹیمیں دھماکے کی جگہ پر موجود ہیں۔ فرانزک ذرائع کے مطابق دھماکا ٹائم ڈیوائس سے کیا گیا، دھماکے میں کتنا بارود استعمال کیا گیا تعین کیا جا رہا ہے۔ وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے لاہور میں نیو انار کلی دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرلی۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ لاہور کے معروف لوہاری گیٹ کے علاقے میں دکانوں کے قریب زور دار دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے، پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کا سبب گیس سلنڈر پھٹنا ہو سکتا ہے۔پولیس کے مطابق سلنڈر پھٹنے سے قریب کھڑی موٹرسائیکلیں جل گئیں۔زوردار دھماکے کے نتیجے میں متعدد عمارتوں کے شیشے بھی ٹوٹ گئے جبکہ قریب موجود بینک کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

ریسکیو اداروں اور فائر بریگیڈ نے امدادی کارروائیاں کرتے ہوئے آگ بجھائی اور جھلس جانے والے افراد کو وہاں سے اسپتال منتقل کیا۔میؤ اسپتال کے ایم ایس کے مطابق 23 زخمیوں کو میؤ اسپتال لایا گیا ہے جن میں سے دو زخمی دورانِ علاج دم توڑ گئے جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے جبکہ 4 افراد کی حالت تشویش ناک ہے جن کا آپریشن تھیٹر میں آپریشن جاری اور ان کی جان بچانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ریسکیو ذرائع کے مطابق دھماکے کی جگہ پر گڑھا پڑ گیا، فرانزک ٹیمیں شواہد اکٹھے کر رہی ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close