اسلام آباد ہائیکورٹ نے مارگلہ نیشنل پارک میں قائم نیوی گلف گلب اور مونال ریسٹورنٹ کی عمات کو سیل کرنے کا حکم دے دیا

اسلام آباد (پی این آئی) اسلام آباد ہائیکورٹ نے مارگلہ نیشنل پارک میں قائم نیوی گالف کلب اور مونال ریستوران کی عمارت کو سیل کرنے کا حکم جاری کر دیا ہے۔ منگل کی صبح چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے شہری کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے مارگلہ ہلز نیشنل پارک میں ڈیفنس کمپلیکس کی تعمیرات بھی روک دیں۔اپنے حکم میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے سی ڈی اے کو ہدایت جاری کی ہے کہ مارگلہ نیشنل پارک میں قائم نیوی گالف کلب اور مونال ریستوران کی عمارت کو سیل کرے۔

چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ کی عدالت میں اس اہم سماعت کے دوران سیکرٹری داخلہ ، سیکریٹری دفاع اور چیئرمین سی ڈی اے موجود تھے۔ عدالت عالیہ نے ملٹری ڈ ائریکٹوریٹ فارمز کا نیشنل پارک کی 8 ہزار ایکڑ اراضی پر دعوی غیر قانونی قرار دیتے ہوئے حکم دیا کہ یہ اراضی واپس نیشنل پارک کی ملکیت سمجھی جائے۔ عدالت کے استفسار پرایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو بتایا کہ مارگلہ پہاڑی کی ملکیت وفاقی حکومت کی ہے مگر اس وقت وزارت دفاع کے پاس ہے۔

اس کیس میں درخواست گزار شہری نے عدالت میں موقف اختیار کیا تھا کہ اسلام آباد میں ڈیفنس کمپلیکس کی تعمیر کے لیے مخصوص جگہ الاٹ کی گئی تھی لیکن مارگلہ ہلز پر دیوار تعمیر کر کے تجاوز کیا گیا۔کمرہ عدالت میں موجود سیکریٹری دفاع نے عدالت کو بتایا کہ حکم پر عمل ہو گا اور نیوی کلب کو بھی ختم کیا جائے گا۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close