خیبرپختونخوا الیکشن میں کس غلطی کی قیمت چکانی پڑی؟ وزیراعظم عمران خان نے آخرکار اعتراف کر لیا

اسلام آباد (پی این آئی) خیبرپختونخواہ بلدیاتی انتخابات میں شکست کے بعد وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خیبر پختونخواہ بلدیاتی انتخابات میں غلطیاں کیں اورقیمت چکائی۔ مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ غلط امیدواروں کا انتخاب سب سے بڑا سبب بنا، اب سے ذاتی طورپر بلدیاتی انتخابات کی نگرانی کروں گا۔

وزیراعظم نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے اورپاکستان بھرمیں بلدیاتی انتخابات کے لئے انتخابی حکمت عملی کومیں خود دیکھوں گا۔یاد رہے کہ خیبرپختونخواہ کے بلدیاتی انتخابات کے لیے پولنگ ہوئی۔خیبر پختون خواہ کے بلدیاتی انتخابات میں اب تک جے یو آئی ف آگےاور پی ٹی آئی دوسرے نمبر پر ہے۔ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں حکمراں جماعت پی ٹی آئی کو کئی مقامات پر اپ سیٹ شکست ہوئی ہے، انتخابات کے پہلے مرحلے میں اب تک جے یو آئی ایف 64 میں سے 19 تحصیلوں میں برتری حاصل کرکے سب سے آگے ہے، 4 میں سے 3 اہم شہروں پشاور، بنوں اور کوہاٹ میں جے یو آئی کا میئر کا امیدوار بھی آگے ہے جبکہ مردان میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) سب سے آگے ہے۔

غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق پشاورسٹی کونسل میں جمعیت علمائے اسلام، بنوں میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کوبرتری حاصل ہے۔ پشاور کے میئر کی نشست کے لیے 139 پولنگ اسٹیشنز کے نتیجے کے مطابق جمعیت علمائے اسلام ف کے امیدوار زبیر علی 12 ہزار 551 ووٹ لے کر آگے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار رضوان بنگش 11 ہزار 534 ووٹ لے کر پیچھے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close