پنجاب میں بلدیاتی انتخابات، عثمان بزدار مدد طلب کرنے چوہدری پرویز الہٰی کے پاس پہنچ گئے

لاہور(آئی این پی)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے پیر کے روز سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے وزیراعلیٰ آفس میں ملاقات کی۔جس میں باہمی دلچسپی کے ا مور، سیاسی صورتحال اور بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تبادلہ خیال کیاگیا۔وزیراعلیٰ اور سپیکر پنجاب اسمبلی نے بلدیاتی الیکشن میں مل کر حصہ لینے کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مسلم لیگ(ق) کے سربراہ شجاعت حسین کی خیریت دریافت کی اور ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعاکی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے شجاعت حسین کی صحت کے حوالے سے نیک تمناؤں کا اظہارکیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نئے بلدیاتی نظام کے تحت نچلی سطح پرحقیقی معنوں میں اختیارات منتقل کیے جائیں گے۔اتحادی جماعت کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری رہے گا۔مسلم لیگ(ق) ہماری اتحادی جماعت ہے اورہمارا اتحاد پہلے سے مضبوط ہے۔صوبے کے عوام کوریلیف کی فراہمی کیلئے مل کر کام جاری رکھیں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ بہترین ورکنگ ریلیشن شپ ہے۔تنقید کی پروا کئے بغیر عوام کی خدمت کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے۔سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ خلوص نیت کے ساتھ اتحاد کو آگے بڑھا رہے ہیں۔حکومت کے اتحاد ی ہیں اور رہیں گے۔بلدیاتی الیکشن میں مشترکہ امیدوار سامنے لانے کیلئے بات چیت آئندہ بھی جاری رہے گی۔

چودھری پرویز الٰہی نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو ختم نبوت ؐ کے حوالے فریم کردہ قرآن پاک کی آیت اور حدیث کا تحفہ دیا۔پرنسپل سیکرٹری وزیر اعلیٰ عامر جان، سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں