بنی گالا کا خرچہ اٹھانے کا الزام، وفاقی حکومت نے جسٹس وجیہہ الدین کے خلاف ہتک عزت کا دعویٰ کرنے کا اعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کے خلاف یہ الزام کہ پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین بنی گالا کا خرچ اٹھاتے رہے ہیں، وفاقی حکومت نے جسٹس ریٹائرڈ وجیہہ الدین کے خلاف ہتک عزت کا کیس دائر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی ذات کو جس طرح سے نشانہ بنایا گیا، قابل مذمت ہے اور وجیہہ الدین کے خلاف کریمنل ڈیفیمیشن کا کیس دائر کررہے ہیں۔

وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ وجیہہ الدین نے الزام لگایا کہ جہانگیر ترین 50 لاکھ روپے بنی گالہ کے گھر کیلئے دے رہے تھے، جہانگیر ترین نے ان کے الزامات کی تردید کردی ہے۔ فواد چوہدری کا یہ بھی کہنا تھا کہ بدقسمتی سے ہم آرٹیکل 9 کے خلاف ورزی دیکھ رہے ہیں، یہاں عام آدمی کی بات تو کیا، وزیراعظم کی عزت محفوظ نہیں ہے۔ چند روز قبل ایک نجی ٹی وی کو دیے گئے انٹرویو میں حکمران جماعت تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سابق رہنما جسٹس (ر) وجیہہ الدین احمد نے کہا تھا کہ عمران خان کا بنی گالہ کا گھر چلانے کے لیے جہانگیر ترین اور دیگر افراد 30 لاکھ روپے ماہانہ دیا کرتے تھے، جو بعد میں 50 لاکھ روپے ماہانہ کر دیا گیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں