اسلام آباد (پی این آئی) حکومت پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر واہگہ کے راستے بھارت سے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم اور جان بچانے والی ادویات افغان ٹرکوں کے ذریعے افغانستان منتقلی کی اجازت دے دی ہے۔ اسلام آباد میں سرکاری خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان کے مطابق جمعے کو ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر افغان عوام کو مزید سہولت فراہم کرنے کی غرض سے بھارت سے 50 ہزار میٹرک ٹن گندم اور جان بچانے والی ادویات واہگہ بارڈر اور طورخم کے راستے افغان ٹرکوں کے ذریعے افغانستان منتقلی کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
اسلام آباد میں دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق اس فیصلے سے وزارت خارجہ میں بھارتی ناظم الامور کو آگاہ کر دیا گیا۔ پاکستانی دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہنا تھا کہ بھارتی حکومت پر بھی زور دیا گیا کہ وہ افغانستان کو انسانی امداد کی فراہمی میں تیزی لانے کے لیے ضروری اقدامات اٹھائے۔ واضح رہے پچھلے ہفتے انڈیا نے کہا تھا کہ وہ واہگہ بارڈر کے ذریعے 50 ہزار ٹن گندم اور ادویات افغانستان بھیجنے کے لیے پاکستان کے ساتھ معاملات طے کر رہا ہے۔
بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز کے مطابق انڈین وزارت خارجہ کے ترجمان اریندم باگچی نے کہا تھا کہ انڈیا پاکستان کے راستے افغانستان کے لیے انسانی امداد پہنچانے کی تجویز اکتوبر کے پہلے ہفتے میں تیار کی تھی اور پاکستان کی جانب سے 24 نومبر کو اس حوالے سے یقین دہانی کروائی گئی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں