سردی کی شدت میں اضافہ، گیس کی فراہمی میں کمی، سلنڈر پر تندور چلانے والوں کی چیخیں نکل گئیں

اسلام آباد (پی این آئی) ملک بھر میں گیس کی قلت نے اپنے اثرات دکھانے شروع کر دیئے ہیں۔ سردیوں کے آتے ہی شہریوں کے چولہے ٹھنڈے ہونے لگے ہیں۔ ملک کے مختلف شہروں میں گیس غیر اعلانیہ طور پر بند یا کم ہونے لگی ہے، جس کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ ملک کے تمام چھوٹے بڑے شہروں کراچی، پشاور، کوئٹہ، گوجرانوالہ، ملتان، فیصل آباد، میرپورخاص سمیت کئی شہروں میں ناشتہ اور کھانا بنانا دوبھر ہوگیا۔

غیراعلانیہ گیس بندش اور پریشر میں کمی نے عوام کی پریشانی میں مزید اضافہ کردیا۔ سوئی سدرن کی طرف سے کراچی کے مختلف علاقوں میں روزانہ صبح 8 سے شام 5 بجے تک گیس نہیں دی جارہی۔ ان علاقوں میں نیو کراچی، نارتھ کراچی، سر سید ٹاؤن الیون سی 2، بفرزون، ناگن چورنگی، ایف بی ایریا اور سرجانی ٹاؤن شامل ہیں۔ گیس کی قلت سے متاثرہ علاقوں کی خواتین کا کہنا ہے کہ صبح کے اوقات میں گیس نہ ہونے کی وجہ سے اسکول اور کالج جانے والے بچوں کو بنا ناشتے ہی گھر سے جانا پڑتا ہے۔

گیس کی لوڈشیڈنگ سے گھریلو صارفین کے علاوہ ہوٹل مالکان اور پکوان سینٹر والوں کا کاروبار بھی بری طرح متاثر ہوا ہے۔ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں گیس پریشر میں کمی کے ساتھ ایل پی جی کی فی کلو قیمت میں ستر روپے کا اضافہ ہوگیا، ایک کلو ایل پی جی دو سو تیس روپے تک پہنچ گئی جبکہ گوجرانوالہ میں جلانے والی لکڑی کی قیمت بھی بڑھ گئی، فی من قیمت ساڑھے نو سو روپے تک پہنچ گئی۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close