بڑھتا ہوا سیاسی دباؤ، وزیراعظم نے سینئر وزراء کو آج طلب کر لیا، اتحادی جماعتوں کے تحفظات پر اہم اجلاس بھی طلب

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں کے درمیان بڑھتے فاصلے نمایاں ہونے لگے ہیں۔ اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں کی طرف سے وفاقی حکومت کی پالیسیوں اور وزیر عمران خان کی حکمت عملی پر کھلی تنقید نے عوام میں تشویش کی لہر دوڑا دی ہے جبکہ خود وزیراعظم عمران خان کو بھی صورت حال کی سنگینی کا اندازہ ہو چکا ہے یہی وجہ ہے کہ ملکی سیاسی صورتحال اور پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان نے پارٹی کے سینئر وزراء کو آج پیر کے روز طلب کرلیا ہے۔

اس اجلاس میں ملک کی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔ دوسری جانب الیکٹرونک ووٹنگ مشین پر اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے کے لیے حکومت اور اتحادی جماعتوں کی ملاقات آج ہوگی۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس اج دن 11 بجے ہوگا، اجلاس میں شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک، اسد عمر، فواد چوہدری و دیگر شریک ہوں گے۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا،

آئندہ کی حکمت عملی طے کی جائے گی اور مشترکہ اجلاس بلانے سے متعلق حتمی فیصلہ بھی کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق الیکٹرونک ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات پر اتحادیوں کے تحفظات دور کرنے پر بھی بات ہوگی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اتحادی جماعتوں کو ووٹنگ مشین اور انتخابی اصلاحات پر بریفنگ دی جائے گی ، جبکہ حکومتی وفد اتحادی جماعتوں کے تحفظات دور کرے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close