اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے پیٹرولیم مصنوعات پر لیوی مزید بڑھانے کا اشارہ دے دیا ہے۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے شوکت ترین کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف نے بھی پیٹرولیم ڈیویلپمنٹ لیوی (پی ڈی ایل) بڑھانے کا کہا ہے مگر اس کا انحصار پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمتوں پر ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں شوکت ترین نے مزید کہا کہ اگر تیل کی عالمی قیمت کم ہو جائے تو حکومت کو پی ڈی ایل بڑھانے میں آسانی ہو جائے گی۔ شوکت ترین کا کہنا تھا کہ درآمدات کم کرنے کیلئے کچھ پابندیاں لگانی پڑیں گی، ایک دو دن میں حتمی گفتگو ہوگی، انشاءاللہ یہ معاملہ حل ہو جائے گا۔آئی ایم ایف کے ساتھ معاہدے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال پر مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ اعلامیہ آئے گا تو پتہ چل جائے گا کہ ہم نے کیا طے کیا ہے لیکن لیوی کچھ نہ کچھ تو بڑھانی پڑے گی البتہ اس کا انحصار آئل کی قیمت پر ہوگا کہ وہ کہاں جاتی ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں