ڈیرہ غازی خان( پی این آئی) عمران نیازی عوام کا سمندر گواہی دے رہا ہے آپ نے ساڑھے 3 سال میں عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی، آپ کا وقت پورا ہوچکا ، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف کا جلسے سے خطاب۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران نیازی تمہارا وقت پورا ہوچکا ہے۔ڈیرہ غازی خان میں اپوزیشن اتحاد (پی ڈی ایم) کے جلسے سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا کہ عمران نیازی عوام کا سمندر گواہی دے رہا ہے آپ نے ساڑھے 3 سال میں عام آدمی کی زندگی اجیرن کردی۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں طلبا کو لیپ ٹاپ اور چھوٹے کسانوں کو بغیر سود کے قرضے دیے گئے۔شہباز شریف نے مزید کہا کہ آج اس حکومت سے مقابلہ کرلو، ساڑھے 3 سال بعد دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوچکا ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے سینیٹ میں پارلیمانی لیڈر اعظم نذیرتارڑ نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کا وقت آ گیا ہے ۔
نجی ٹی چینل کے پروگرام میں میزبان سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کو پنجاب حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کے لئے مناسب وقت اور سازگار ماحول کا انتظار تھا جو آگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن اور تحریک انصاف کے ناراض گروپ سے مل کر جلد اس پر فیصلہ کیا جائے گا۔واضح رہے کہ گزشتہ دنوں بھی یہ بازگشت چلتی رہی کہ ن لیگ پنجاب حکومت کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائے گی، لیکن ن لیگ کی جانب سے ایسا کوئی سخت اقدام نہیں اُٹھایا گیا ۔
جس پر ردعمل دیتے ہوئے پیپلز پارٹی کی رہنما ناز بلوچ نے استفسار کیا تھا کہ اپوزیشن جماعت ن لیگ اب تک پنجاب میں تحریک عدم اعتماد کیوں نہیں لائی؟نجی ٹی وی کے پروگرام میں ناز بلوچ، ن لیگی قیادت کے ترجمان محمد زبیر اور پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار نے شرکت کی تھی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں