ڈنڈوں کے زورپر مطالبات تسلیم نہیں کرائے جا سکتے، ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں، وفاقی وزیر کا دوٹوک پیغام

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ کالعدم تنظیم کا ایجنڈا ملک کے اندر فساد پھیلانا ہے۔کالعدم تنظیم کے احتجاج میں 5 پولیس کے اہلکار شہید، 49 زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 14 کی حالت تشویشناک ہے۔ موجودہ صورتحال کے تناظر میں علماءکرام آگے آئیں اور اپنا کردار ادا کریں۔

ہم امن سے معاملات حل کرنا چاہتے ہیں تاہم اسے ریاست کی کمزوری نہ سمجھاجائےاورنہ ہی ریاست کو کمزورسمجھیں،ہم نےبڑے بڑے دہشتگرد گروپس کو شکست دی ہے،ڈنڈوں کے زورپرمطالبات تسلیم نہیں کرائے جا سکتے، ریاست کی رٹ برقرار رکھنے کے لیے کسی بھی حد تک جانے کو تیار ہیں،ریاست کے وجود کو خطرہ ہو جائے تو ریاست نے ردعمل دینا ہوتا ہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چوہدری فواد حسین نے کہا کہ تصادم کے ذریعے کچھ نہیں ملے گا ، ہم امن کے ذریعے معاملات کو حل کرنا چاہتے ہیں لیکن معاملات جلد حل نہ ہونے کی صورت میں کسی بھی حد تک جانے اور قربانی دینے کے لیے تیار ہیں،رحمتہ للعالمینﷺ سے متعلق پوری اُمت مسلمہ متحد ہےلیکن کالعدم تنظیم والےایک جتھہ لے کر آگئے اور حکومت کا مذاق اڑایا جا رہا ہے،جتھے ریاست کے سامنے کھڑے نہیں ہوسکتے ،بہت سے لوگ شغل میلے کے طور پر مظاہرین کے ساتھ ہیں ،پانچ چھ دن سے جی ٹی روڈ بلاک ہے اور تاجر ریاست کی طرف دیکھ رہے ہیں، حکومت نے بہت صبر کا مظاہرہ کیا ہے، یہ جان لیں کہ ہم نے بڑے بڑے دہشت گرد گروپس کو شکست دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بادشاہت نہیں جمہوریت ہے۔

حکومت سب سے مذاکرات کے لیے تیار ہے،کالعدم تنظیم کے ساتھ مذاکرات آئین اور قانون کے مطابق ہوں گے،ریاست کو کمزور نہ سمجھیں، اپنے گھروں کو جائیں، حکومت زیادہ دیر مذاق برداشت نہیں کر سکتی، مظاہرین کو ایک حد سے آگے جانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، احتجاج کے باعث صورت حال ایسی ہو گئی ہے کہ کلمہ گو کو اپنی گواہی دینا پڑ رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close