ریاست کے صبر کی بھی حد ہوتی ہے، دھرنے والی کالعدم تنظیم کو عسکریت پسند تنظیم کے طور پر ٹریٹ کیا جائے گا، فواد چوہدری کا کابینہ اجلاس کے بعد اعلان

اسلام آباد(پی این آئی)وزیر اطلاعات فواد چوہدری حسین نے کہا ہے کہ کالعدم جماعت کوئی مذہبی جماعت نہیں ہے۔تفصیلات کے مطابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری حسین نے کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ کالعدم جماعت کو عسکریت پسند گروہ کے طور پر ٹریٹ کیا جائے گا، کالعدم جماعت مذہبی جماعت نہیں ہے۔

کالعدم جماعت بہانے بہانے سے دھرنا دینے کی عادی بن چکی ہے۔فواد چوہدری حسین کا کہنا تھا کہ ریاست کے صبر کی حد ہوتی ہے، ریاست کی رٹ کو چیلنج کرنا کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا، کابینہ میں فیصلہ ہوا کہ کسی کو طاقت کے زور پر اپنا ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، کالعدم جماعت نے گزشتہ احتجاج کے دوران 6 پولیس اہلکاروں کو شہید کیا، ابھی بھی سادھوکی میں 27 کلاشنکوف بردار کے دھرنے میں شامل ہونے کی اطلاعات ملی ہیں، کالعدم جماعت والے حالیہ احتجاج میں بھی 3 پولیس اہلکاروں کو شہید کرچکے ہیں۔انہوں نے کہا کہ جھوٹی خبریں پھیلانے والے اپنے رویے پر نظر ثانی کریں، کالعدم جماعت کو بھارت سے سوشل میڈیا کے ذریعے مدد فراہم کی جا رہی ہے، کالعدم جماعت کا سوشل میڈیا ونگ فیک نیوز پھیلا رہا ہے، فیک نیوز پھیلانے والے ہوش کے ناخن لیں، الیکشن کمیشن سے درخواست ہے کہ لاہور کا ضمنی الیکشن ای وی ایم کے ذریعے کروایا جائے، وفاقی کابینہ کو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کا تقابلی جائزہ پیش کیا گیا۔

سندھ میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں دیگر صوبوں سے زیادہ ہیں، سندھ حکومت اس حوالے سے معاملے کا جائزہ لے۔وزیر اطلاعات فواد چوہدری حسین کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے حوالے سے ہفتہ وار آگاہی دیتے رہیں گے، چھوٹے کاشتکاروں کو جدید فارمنگ کی طرف لایا جارہا ہے، حکومت چھوٹے کاشتکاروں کو مراعات فراہم کر رہی ہے، کابینہ اجلاس میں ہوا بازی سے متعلقہ امور کا بھی جائزہ لیا گیا، سی ایس ایس امتحان میں حصہ لینے کیلئے اسکریننگ ٹیسٹ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اسکریننگ ٹیسٹ سے امتحانات کے حوالے سے ایف پی ایس سی کو آسانی ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close