وزیراعظم سعودی عرب سے واپسی پر عوام کیلئے بڑے پیکج کا اعلان کریں گے

فیصل آباد(این این آئی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا کہ پی ڈی ایم کا احتجاج عوام کو بیوقوف بنانے کی ناکام کوشش ہے ، لوگ تمام حالات سے بخوبی آگاہ ہیں ،انہیں علم ہے کہ ملک میں آنیوالی مہنگائی کی حالیہ لہر کوروناسے پیدا شدہ عالمی حالات کا نتیجہ ہے ،پوری دنیا اس سے متاثر ہوئی ہے اور پاکستان بھی اسی ورلڈ گلوب کا حصہ ہے ،اس کے اثرات پاکستان پربھی پڑے ہیں لیکن باقی دنیا کی نسبت ہم نے کم سے کم بوجھ عوام تک پاس آن کیا ہے اور اپنے

محصولات و ٹیکسز میں جس قدر ممکن ہوسکا کمی کی ہے ،وزیراعظم عمران خان سعودی عرب سے واپسی پر اس سلسلہ میں ایک اہم و بڑے پیکیج کا اعلان کریں گے جس سے عوام کو بہت حد تک ریلیف حاصل ہوگا۔وہ ہفتہ کی شام رسالہ 12 فیصل آباد میں واٹر فلٹریشن پلانٹ، پارک کی تزئین و آرائش، ڈسپنسری کی تعمیر و بحالی،سٹریٹ پول لائٹس، سڑکوں کی تعمیر و بحالی کے منصوبوں کی افتتاحی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم سیاسی

بیروزگاروں کا سرکس ہے جس کے مداریوں نے ملک کا بیڑا غرق کردیا ہے جبکہ اس میں شامل سیاسی یتیموں کی ملک و قوم کی لوٹی ہوئی دولت سے بنائی گئی جائیدادیں ملک سے باہر، ان کے بچے بیرون ملک اور ان کے کاروبار بھی ملک سے باہر ہیں،یہ وہاں بڑے بڑے محلات میں شاہانہ زندگی بسر کررہے ہیں اور گھر کے ایک آدھ فرد کو انارکی پھیلانے کیلئے یہاں چھوڑ رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ لوگ مہنگائی کی آڑ میں جو ٹوپی ڈرامہ کررہے ہیں اس سے عوام کو بیوقوف نہیں بنا سکتے

کیونکہ اگر یہ لوگ اپنے تین تین بار کے 30 سالہ دور اقتدار میں ملک کو خود انحصار بنادیتے تو زرعی ملک ہونے کے باوجود ہمیں کوکنگ آئل، دالیں، چینی اور دیگر اشیا باہر سے امپورٹ نہ کرنا پڑتیں لیکن انہوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا اور ساری توجہ اپنی تجوریاں بھرنے پر مرکوز رکھی۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کو خود عوام نے ان کے کالے کرتوتوں کی وجہ سے مستردکیا ہے مگر پھر بھی وزیراعظم اور حکومت کو عوام کی تکلیف اور مہنگائی سے پیدا شدہ مشکلات کا احساس ہے

جس کیلئے اقدامات جاری ہیں لیکن مہنگائی صرف پاکستان میں نہیں ہوئی کورونا کے باعث پوری دنیا اس کا شکار ہوئی ہے حتی کہ چائنہ جیسے ممالک میں پروڈیوسر انفلیشن کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اور پوری دنیا میں انرجی پرائسز،ایل این جی، کول، کنٹینر ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات میں کئی کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے اور 2 ہزار ڈالر والا کنٹینر 10 ہزار ڈالر پر چلا گیا یہی نہیں بلکہ ٹرانسپورٹیشن ٹائم میں بھی کئی کئی ماہ کا اضافہ ہوگیا لہذا سپلائی کی ڈسٹربنس بھی اس کا ایک سبب ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا میں پٹرول 100 فیصد مہنگا ہوا مگر ہم نے 35 فیسد اضافہ کیا اور اپنے محصولات کم کرکے عوام کو زیادہ بوجھ سے بچایا۔فر خ حبیب نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کے دورے سے واپسی پر عوام کیلئے ایک پیکیج کا اعلان کریں گےجس میں محدود وسائل والے طبقے کو فوڈ سپورٹ پروگرام کے تحت معاونت فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ کا اجرا بھی حکومت کا اہم پروگرام ہے اور کے پی کے سمیت پنجاب کے دو ڈویژنز ساہیوال اور

ڈی جی خان میں سو فیصد افراد کو یہ سہولت مل گئی ہے جبکہ دسمبر میں لاہور اور فیصل آباد سمیت صوبہ کے تمام اضلاع کے تمام خاندانوں کو10 لاکھ روپے تک کے علاج کی سہولت مل جائے گیجو دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ خوردنی تیل اور گھی کی قیمتوں میں کمی کیلئے بات چیت جاری ہے جبکہ 30 سالوں میں پہلی بار زراعت پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے اور ہم خوراک کے حوالے سے سرپلس ہورہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بار گنا 25 فیصد

زائد ہوا ہے اور اگلے ماہ کرشنگ سیزن شروع ہونے پر چینی کے نرخ کم ہوجائیں گے۔فر خ حبیب نے کہا کہ ستمبر تک لگائی گئی سبزیاں اگلے ماہ مارکیٹ میں آجائیں گی جس سے سبزیوں کے ریٹ بھی کم ہوں گے نیز کاٹن کی پیداوار میں 60 فیصد، مکئی میں 18، چاول میں 18 سے20 فیصد اضافہ کے مفید نتائج حاصل ہوں گےاور ملک فوڈ میں سرپلس ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان سعودی شہزادے محمد بن سلمان کی خصوصی دعوت اور ماحولیات پر عالمی

کانفرنس میں شرکت کیلئے سعودیہ گئے ہیں جبکہ اس دورے سے دونوں برادر اسلامی ممالک کے درمیانہ دوستانہ تعلقات میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پچھلے تیس سالوں میں مستقبل کی ضروریات کو پورا کرنے کے حوالے سے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے جس کا نتیجہ ہمیں بھگتنا پڑرہا ہے۔انہوں نے کہا کہ کسانوں کیلئے کسان کارڈ کے ذریعے

سبسڈی کی فراہمی جاری ہے اور یوریا کی قیمت میں پہلی بار استحکام لایا گیا ہے وگرنہ اگر 1800 والی یوریا کی بوری باہر سے 7000 میں امپورٹ کرنا پڑتی تو کیا ہوتا۔انہوں نے کہا کہ ہماری ترسیلات زر اور برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اسی طرح لارج سکیل مینو فیکچرنگ بھی بڑھی ہے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر مملکت اطلاعات و نشریات نے کہا کہ وزیراعظم عوام کیلئے

دن رات کام کررہے اور ملک کو ترقی دینے کیلئے کوشاں ہیں جبکہ دوسری جانب پی ڈی ایم کے پاس کوئی سنجیدہ عوامی ایجنڈہ نہیں اور یہ چوں چوں کا مربہ ہے جو ایک دوسرے کو سلیکٹڈ کہہ کر ایک دوسرے کے خلاف احتجاج کررہا ہے۔انہوں نے کہا کہ قیمتی برانڈڈ بیگ اور شاہانہ امپورٹڈ گاڑیوں والے غریب کو بیوقوف بنانے کیلئے ناٹک کررہے ہیں مگر حکومت کوان سے کوئی خطرہ نہیں اور حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ 2008 سے2013 تک زرداری دور میں کیوں احتجاج نہیں کیا گیا

اور جو 13 سال سے سندھ کی حکومت پر قابض ہیں وہ کیا کررہے ہیں جہاں پنجاب کے 1100 روپے من آٹے کے برعکس 1450 روپے من آٹا مل رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں ٹینکر مافیا، قبضہ مافیا، بھتہ مافیا عوام کی زندگی اجیرن کئے ہوئے ہے مگر بلاول ادھر توجہ نہیں دیتے جہاں کووڈ میں وفاقی حکومت نے 66 ارب تقسیم کئے، احساس پروگرام میں ان کو 30 فیصد حصہ دیا گیا،

گرین لائن منصوبہ، نالوں کی ری ماڈلنگ،فریٹ کوریڈور،کے فور یہ سب وفاق کے منصوبے ہیں تو سندھ حکومت کیا کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ وہ بلاول سے پوچھتے ہیں کہ انہوں نے سندھ کیلئے کیا کیا جہاں سے لانچوں کے ذریعے پیسہ باہر بھیجا جارہا ہے۔فرخ حبیب نے کہا کہ چوروں کا ٹولہ اس وجہ سے احتجاج کر رہا ہے کہ لوگوں کی توجہ ان کی لوٹ مار کی طرف نہ جائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں نامساعد حالات کا سامنا ہے لیکن اللہ کے فضل سے اس میں جلد بہتری آئے گی۔انہوں نے کہا کہ اس وقت تک ملک میں 10 کروڑ سے زائد لوگوں کی ویکسی نیشن ہوچکی ہے اور باقی کو ویکسین لگانے کا کا م جاری ہے جس سے کورونا کیس میں بہت کمی آئی ہے اور جلد اس پر مکمل قابو پالیا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم آج اپنے ازلی دشمن بھارت کے ساتھ کرکٹ ٹاکرا کرنے جارہی ہے اسلئے ہماری اور پوری قوم کی دعائیں اپنی ٹیم کے ساتھ ہیں اور ہم امید کرتے ہیں کہ ہمارے شاہین بھارتی کرکٹ ٹیم کو شکست سے دوچار کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close