اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی، چیئرمین این سی اوسی اسد عمر نے کہا ہے کہ سردیوں میں کورونا کے پھیلاؤ میں اضافے کا خطرہ ہے، کورونا وباء پر مکمل قابو پانا تب ممکن ہوگا جب لوگ جلد ازجلد ویکسین لگوائیں گے، ورنہ سردی بڑھنے کے ساتھ کورونا کا پھیلاؤ بھی بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ گیلپ سروے کے مطابق 86 فیصد عوام سمجھتے ہیں کہ کورونا پر جلد قابو پا لیا جائے گا۔
عوام کے اس اعتماد پر تہہ دل سے مشکور ہیں، لیکن یہ جب ممکن ہوگا اگر لوگ جلد از جلد ویکسین لگوائیں گے. ورنہ سردی کے ساتھ کرونا کے پھیلاؤ میں اضافے کا خطرہ ہے۔ دوسری جانب این سی اوسی نے کورونا پھیلاؤ میں کمی کے باعث ہفتہ وار ایک روز کی کاروباری بندش ختم کرنے کا اعلان کردیا، وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کی زیرصدارت این سی او سی کے اجلاس میں ملک میں بیماری کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کورونا پھیلاؤ اور ویکسینیٹڈ افراد کی تعداد کے پیش نظر ہفتہ وار ایک روز کی کاروباری بندش ختم کرنے کا اعلان کردیا گیا، بازار اور مارکیٹیں ہفتے کے 7 دن کھلی رہیں گی، سینما اور مزارات کو بھی مکمل ویکسین شدہ افراد کیلئے کھول دیا گیا، شادی کی انڈور تقریبات میں 400 اور آوٹ ڈور تقریبات میں 500 افراد کو شرکت کی اجازت ہوگی۔
نافذالعمل کورونا پابندیوں کا اطلاق 16سے 31 اکتوبر2021 تک ہوگا۔28 اکتوبر کو این سی او سی اجلاس میں کورونا پابندیوں پر نظرثانی کی جائے گی۔ دوسری جانب این سی او سی کے فیصلے کے تحت 12سال اور اس سے زائد کی عمرکے بچوں کو کورونا کی حفاظتی ویکسین لگانے کے لیے سندھ حکومت کے ڈائریکٹوریٹ جنرل آف ہیلتھ سروسز نے اسکولوں کو طلبا کی رجسٹریشن اور ویکسین لگانے کے لیے والدین کی رضامندی کے لیے فارم جاری کردیئے ہیں۔ریجنل ڈیزیز سرویئلنس اینڈ رسپانس یونٹ کی جانب سے اسکولوں کے ذریعے والدین کو بھیجے گئے اس فارمز کے ذریعے والدین سے حلف نامہ پر کروایا جارہا ہے جس میں ویکسین لگنے کی صورت میں کسی بھی ممکنہ ری ایکشن کی ذمے داری والدین پر ہی عائد ہوگی۔حلف نامہ میں یہ شق بھی پر کروائی جارہی ہے کہ بچے کو ویکسین لگنے کے بعد کسی قسم کے مضر اثرات ظاہر ہونے پر والدین فوری طور پر حکام کو مطلع کرنے کے پابند ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں