اسلام آباد (پی این آئی )لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور تعینات کر دیا گیا ، لیفٹیننٹ جنرل محمد عامر بطورکور کمانڈر گوجرانوالہ تعینات کیا گیا ہےجبکہ لیفٹیننٹ جنرل عاصم منیر کو بطور کیو ایم جی تعینات کیا گیاہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج میں انتہائی اہم اور اعلی سطحی تبادلے کیے گئے ہیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو کور کمانڈر پشاور مقرر کر دیا گیا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کو جون 2019 میں ڈی جی آئی ایس آئی مقرر کیا گیا تھا۔ انہیں اپریل 2019 کو لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی ملی تھی اور ڈی جی آئی ایس آئی تعیناتی سے قبل وہ جی ایچ کیو میں ایڈجوٹنٹ جنرل کے عہدے پر فائز تھے۔ لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید چکوال سے ہیں اور فوج میں پاس آوٹ ہونے کے بعد بلوچ رجمنٹ کا حصہ بنے۔ اس سے قبل وہ راولپنڈی میں ٹین کور کے چیف آف سٹاف، پنوں عاقل میں جنرل آفیسر کمانڈنگ اور آئی ایس آئی میں ڈی جی کاؤنٹر انٹیلیجنس (سی آئی) سیکشن بھی رہ چکے ہیں۔ ان کا نام نومبر 2017 میں اسلام آباد میں فیض آباد کے مقام پر مذہبی تنظیم تحریکِ لبیک کے دھرنے کے دوران بھی سامنے آیا تھا۔ اس تنظیم اور حکومت کے درمیان چھ نکات پر مشتمل معاہدے کے بارے میں کہا گیا تھا کہ یہ معاہدہ کرنے میں اس وقت میجر جنرل کے عہدے پر کام کرنے والے فوجی افسر فیض حمید کی مدد شامل رہی۔ اسی دھرنے کے بارے میں سپریم کورٹ کے فیصلے میں وزارت دفاع کے توسط سے آرمی چیف سمیت افواج پاکستان کے سربراہان کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ اپنے ان ماتحت اہلکاروں کے خلاف سخت کارروائی کریں جنھوں نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی امور میں مداخلت کی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں