واشنگٹن ٗ اسلام آباد(پی این آئی)امریکی محکمہ خارجہ نے کہاہے کہ امریکا کی نائب وزیر خارجہ وینڈی شرمین افغانستان کے معاملے پر امریکہ اورپاکستان کے درمیان بڑھتے ہوئے شگاف کو ختم کرنے کے لیے مذاکرات کی غرض سے کل اسلام آباد پہنچیں گی،امریکی ٹی وی کے مطابق ایک بیان میں امریکی محکمہ خارجہ نے کہا کہ وینڈی شرمین دوطرفہ ملاقاتوں، سول سوسائٹی کی تقریبات اور انڈیا آئیڈیاز سمٹ میں
شرکت کے لیے 6 اکتوبر کو نئی دہلی پہنچیں۔وہ 7 اکتوبر کاروباری شخصیات اور سول سوسائٹی کے اراکین سے ملاقاتوں کے لیے ممبئی کا دورہ کریں گی۔محکمہ خارجہ کے ترجمان کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ڈپٹی سیکریٹری وینڈی شرمین سینئر حکام سے ملاقاتوں کے لیے 7 سے 8 اکتوبر تک اسلام آباد کا سفر کرنے کے بعد اپنا دورہ مکمل کریں گی۔دوسری جانب نجی ٹی وی کے مطابق امریکی وفد کے استقبال کے لئےوزارت خارجہ نے ایوی ایشن ڈویژن اور نیو اسلام آباد ائیر پورٹ حکام کوانتظامات کے لیے مراسلہ ارسال کردیا ہے۔مراسلے میں کہا گیا ہے کہ امریکی وفد کی اسلام آباد آمد کے موقع پر جسمانی تلاشی، اسکینگ سے استثنیٰ ہوگا، امریکی نائب وزیر خارجہ کے وفد کی تصاویر بھی نہ بنائی جائیں، ان کی آمد اور روانگی کے موقع پر وی آئی پی اسٹیٹ لاؤنج مختص کیا جائے، امریکی وفد کی آمد پر پی سی آر ٹیسٹ سے استثنیٰ دیا جائے، ان کے استقبال کے لئے وزرات خارجہ اور امریکی سفارتخانے کے 5، 5 افراد کو انٹری پاس جاری کیے جائیں، اور انہیں گاڑیوں سمیت اسٹیٹ لاونج کی پارکنگ تک رسائی دی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں