اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک/این این آئی )وزیراعظم عمران خان نے مہنگائی کے بڑھنے کا اعتراف کر لیا ۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ قرضوں کے باوجود ہماری حکومت کی یہ بھرپور کوشش ہے کہ عوام پر بوجھ کم سے کم ہو ۔ اسلام آباد میں منعقد کامیاب پاکستان پروگرام کی افتتاحی تقریب سےخطاب کے دوران وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ یہ پروگرام ہمیں 74 سال پہلے شروع کرنا چاہیے تھا، ہمارے فائدے کے لیے
ہی اسلامی شریعت پر چلنے کا کہا گیا، رسول اکرم ﷺنے پہلی فلاحی ریاست بنائی، پھر خوش حالی آئی، ریاست مدینہ کے اصولوں پر چلنے سے ہم ترقی کے راستے پر چل نکلیں گے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا ریاست مدینہ میں جو کام کیا گیا وہ حقیقت ہے، خام خیالی نہیں، چین نے مدینے کا ماڈل فالو کیا اور ترقی حاصل کی، چین نے غربت کے خاتمے کے لیے مختلف منصوبے شروع کیے، چینی صدر نے حال ہی میں اعلان کیاکہ وہاں انتہائی غریب نہیں رہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان غربت کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرنے والے کامیاب پاکستان پروگرام کا آج (پیر) کے روز افتتاح کریں گے۔پروگرام میں 1400 ارب کے قرضے 37 لاکھ گھرانوں کو دئیے جائیں گے، پروگرام غربت کے خاتمے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔کامیاب پاکستان پروگرام کے 5 حصے ہیں، کامیاب کسان کے ذریعے کسانوں کو بلا سود قرضے دئیے جائیں گے،پروگرام کے تحت کاروبار کے لیے 5 لاکھ تک بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔سستا گھر اسکیم کے تحت اپنا گھر بنانے کے لیے آسان اقساط پر فنانسنگ کی سہولت بھی ہوگی جبکہ حکومت کے جاری سکالر شپ اسکیم اور صحت انصاف کارڈ کو بھی پروگرام سے منسلک کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں