راولپنڈی(پی این آئی)شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گردوں کے حملے میں پانچ سیکیورٹی اہلکارشہید ہو گئے ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ‘آئی ایس پی آر‘ کے مطابق شہداء میں ایف سی کے چار جوان اورایک لیویز سب انسپکٹر شامل ہے، شہداء میں حوالدار اسحاق، حوالدار زاہد، لانس نائیک ولی ،لانس نائیک عبدالمجید اورلیویز انسپکٹر جاوید بھی شامل ہیں۔
علاقے میں دہشت گردوں کے خاتمے کیلئے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔دوسری طرف وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فوادحسین نے شمالی وزیرستان میں سیکیورٹی فورسز کی گاڑی پر دہشت گرد حملے پر اظہار مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے واقعہ میں پاک فوج اور لیوی کے جوانوں کی شہادت کی خبر افسوسناک ہے ،ایسی بزدلانہ کارروائیاں ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتیں،قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑی ہے،سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ اللہ تعالیٰ شہید ہونے والے جوانوں کے درجات بلند اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں