انا للہ وانا الیہ راجعون،سب کو ہنسانے والا سب کو رلا کر چلا گیا، عمر شریف جرمنی میں انتقال کر گئے

کراچی (پی این آئی ) عمر شریف طویل علالت کے بعد جرمنی میں انتقال کر گئے ۔نجی ٹی وی کے مطابق معروف کامیڈین اور سٹیج کے بے تاج بادشاہ عمر شریف کو علاج کیلئے امریکہ لے جایا جارہا تھا کہ راستے میں جرمنی میں سٹاپ اوور کے دوران نمونیا کے باعث ان کی صحت بگڑ گئی اور انہیں مقامی ہسپتال میں داخل کیا گیا جبکہ اس موقع پر ائر ایمبولینس میں بھی خرابی کے باعث انہیں متبادل طیارے کے ذریعے امریکہ لے جانے

کے انتظامات بھی کیئے گئےلیکن صحت بہتر ہونے تک کا انتظار کیا جانے لگا ۔ اب اطلاعات ہیں کہ وہ جرمنی میں ہی انتقال کر گئے ہیں اور امریکہ نہیں پہنچ سکے ۔یاد رہے کہ عمر شریف کو ہارٹ اٹیک ہو اتھا جس کے بعد وہ صحت مند ہو گئے لیکن ایک ماہ کے بعد ان کی طبیعت دوبارہ خراب ہوئی اور انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ، جس کے بعد یہ بات سامنے آئی کہ عمر شریف کی بیماری کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں بلکہ انہیں امریکہ لے جانے کی ضرورت ہے ، عمر شریف نے وزیراعظم عمران خان سے علاج کیلئے امریکہ بھیجنے کیلئے انتظامات کی اپیل بھی کی ۔وفاقی اور سندھ حکومت نے عمر شریف کو امریکہ علاج کیلئے بھیجنے کیلئے بھر پور کوششیں کیں تاہم جب انہیں ائرایمبولینس میں امریکہ لے جایا جارہا تھا تو جرمنی میں سٹاپ اوور کیا گیا جہاں انہیں جرمنی کے مقامی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔جہاں وہ آج انتقال کر گئے ہیں۔ سندھ حکومت نے عمر شریف کے علاج کیلئے امریکہ کے ویزے کا انتظام کیا اور ساتھ میں چار کروڑ روپے بھی جاری کیےتاکہ ان کا علاج کروایا جا سکے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close