لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ ن لیگ کے بیانیے سے متعلق کنفیوژن دشمن کی طرف سے پھیلائی جاتی ہے، آج ن لیگ میں کچھ ایسے لوگ ہیں جو ہم سے ڈر رہے ہیں اور ہم ان سے ڈر رہے ہیں، نوازشریف کو صدارت سے نکالنے والے کو آج برقعہ پہن کر عوام میں جانا پڑتا ہے۔
تنظیمی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے بیانیے کی پہلے ہی جیت ہوچکی ہے، قوم کو شعور دلانا لیڈر کے بیانیے کی جیت ہوتی ہے، نواز شریف نے قوم کو بتادیا کہ ان کے حقوق کیا ہیں اور انہیں کون غصب کرتا ہے۔ یہ ہمیں ہمارے لیڈر سے علیحدہ نہیں کرسکتے اور ہماری جماعت کو نہیں توڑ سکتے۔ کہا جاتا ہے کہ مسلم لیگ ن میں مفاہمت اور مزاحمت میں بڑی کنفیوژن ہے، یہ کنفیوژن صرف دشمن کی طرف سے پلان کی جاتی ہے، ہمارے بیانیے پر تنقید اس لیے ہوتی ہے کیونکہ بیانیہ صرف ن لیگ کے پاس ہے۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور مسلم لیگ ن کی جو طاقت ہے وہ ووٹ کی بھی طاقت ہے، بیانیے کی بھی طاقت ہے، خدمت کی بھی طاقت ہے، اس کا آپ کے مسلم لیگ ن کے مخالفوں کو ادراک ہے اگر نہیں ادراک تو ن لیگ کو نہیں کیونکہ آج ن لیگ میں کچھ ایسے لوگ ہیں جو ہم سے ڈر رہے ہیں اور ہم ان سے ڈر رہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کی ہار اور جیت کے درمیان خوف کی ایک پتلی سی زنجیر حائل ہے، اگر آپ نے ظلم کے ضابطے ماننے سے انکارکردیا تو جب بھی الیکشن ہوتا ہے ن لیگ کو شاندارکامیابی سے کوئی نہیں روک سکتا۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو صدارت سے نکالنے والے کو آج برقعہ پہن کر عوام میں جانا پڑتا ہےکیونکہ جہاں لوگ انکو دیکھتے ہیں باتیں کرتے ہیں ان سے کوئی ہاتھ ملانے کو تیار نہیں.وہ نوازشریف جسے تم کہتے ہو تمہاری سیاست ختم ہوگئی ہے اسے ہرانے کیلیے آج بھی تمہیں فاؤل پلے کرنا پڑتا ہے۔مریم نواز نے مزید کہا کہ نواز شریف کا وژن تھا کہ سی پیک بناؤ، سرمایہ کاری لاؤ، ہمسایہ ممالک سے دوستی کرو، منتخب وزیر اعظم کہتا تھا کہ ہمیں سرمایہ کاری دو، بھیک نہیں چاہیے لیکن آج عمران خان کا کوئی بیان اٹھا لیں وہ بھیک مانگتا نظر آئے گا، دنیا کو کہتا ہے کورونا آیا ہے، پاکستان کی مدد کرو، معاشی بحران آتا ہے تو دنیا سے ایک ارب اور 50 کروڑ ڈالر مانگتا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں