نیوزی لینڈ کو دھمکی دے کر بھارت پاکستان سے کونسا غصہ نکال رہاہے؟ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے وجہ بھی بتا دی

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم کے واپس جانے سے پاکستان تنہا ہو جائے گا، وہ عقل کے اندھے ہیں، ایک دن آئے گا جب دنیا بھر سے ٹیمیں کرکٹ کھیلنےپاکستان آئیں گی، ہم زندہ قوم ہیں، ہمیں تنہاءنہیں کیا جا سکتا، عمران خان کی قیادت میں پاکستان ترقی کرے گا۔

 

بھارت کو افغانستان کے حوالے سے دنیا بھر میں سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے، بھارت میں صف ماتم بچھی ہوئی ہے، ان کا کوئی ٹی وی چینل ایسا نہیں جس پر پاکستان مخالف سرگرمی نہ ہو۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ برطانیہ کی کرکٹ ٹیم پاکستان کا دورہ نہیں کرے گی، اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ہندوستان کے 66 کیمپ ہمارے پڑوس میں ختم ہوئے ہیں، ادھر صف ماتم بچھی ہوئی ہے، بھارت کے ٹی وی چینلز پر کوئی پروگرام ایسا نہیں ہے جس میں پاکستان مخالف سرگرمی نہ ہو، بھارت کو افغانستان کے حوالے سے دنیا بھر میں سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ مایوسی کفر ہے، ایک دن آئے گا جب دنیا کی ٹیمیں پاکستان آئیں گی۔ اس ملک کا وزیراعظم خود ایک ٹیم کا کپتان رہا ہے جس نے ورلڈ کپ جیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ میرا پوری قوم کے لئے پیغام ہے کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں، ہمیں تنہاءنہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی ہمیں نظر انداز کیا جا سکتا ہے۔ آنے والے دن پاکستان کے ہیں، ہم عمران خان کی قیادت میں پاکستان کو آگے لے کر جائیں گے۔ایک سوال کے جواب میں وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ افغانستان کی صورتحال میں پاکستان کا تاریخی کردار ہے، ہم نے 10 ہزار سے زائد لوگوں کو وہاں سے نکالنے میں سہولت فراہم کی، نیٹو فورسز، آئی ایم ایف اور امریکہ کے شہری بھی ان میں شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ جس وقت نیوزی لینڈ کی کرکٹ ٹیم یہاں ٹھہری ہوئی تھی، اسی وقت دیگر اہم شخصیات بھی یہاں ٹھہری ہوئی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو افغانستان کی صورتحال میں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے، اس کی سوچ تھی کہ وہاں خانہ جنگی ہوگی اور قتل غارت ہوگا لیکن ایسا کچھ نہیں ہوا۔افغانستان سے ایک مہاجر بھی پاکستان نہیں آیا، طورخم اور چمن بارڈر بہتر طریقے سے کام کر رہے ہیں، پاکستان سے افغانستان جانے والے لوگوں کی تعداد زیادہ ہے جبکہ افغانستان سے پاکستان آنے والے لوگوں کی تعداد بہت کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سارا ٹوپی ڈرامہ ہے، اس ٹوپی ڈرامے کے دستانے پہنے ہوئے ہاتھوں کو ناکامی ہوگی، پاکستان ایک عظیم قوم ہے، پاکستان کی سکیورٹی اور فوج کی ایجنسیاں مضبوط ہیں، یہاں ایک منتخب حکومت موجود ہے، ہمیں کوئی تنہاءنہیں کر سکتا، ہم آگے بڑھیں گے۔ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارت میں بہت سے لوگوں کو جیلوں سے ضمانتوں پر نکالا جاتا ہے، انہیں تربیت فراہم کی جاتی ہے اور انہیں پاکستان میں دہشت گردی کے لئے استعمال کیا جاتا ہے۔ بھارت پاکستان میں دہشت گردی سے باز نہیں آ رہا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا بیانیہ امن ہے اور امن اس ملک میں قائم ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close