میری وفات کے بعد ہر شہر ہر گلی کوچے میں میری نماز جنازہ پڑھیں، ڈاکٹرعبدالقدیر خان کی درخواست انٹرنیٹ پر وائرل ہوگئی

اسلام آباد(پی این آئی)سینئر صحافی حامد میرنے ٹویٹر پر ایک اخباری تراشہ شیئر کیا ہے جس کے مطابق ڈاکٹر عبدالقدیر کی جانب سے صحت یابی کی درخواست کی گئی ہے ۔ حامد میر کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر میں لکھا ہے کہ ہم سب کو رب العزت نے پیدا کیاہے اورہم سب کو ایک دن موت کا مزہ چکھنا ہے اور خالق حقیقی کے سامنے اپنے اعمال کی جواب دہی کرنا ہے ۔ میں چند دنوں سے سخت بیمار ہوں ۔علاج جاری ہے ، گناہ گار ہوں ۔دعائے مغفرت کرتا رہتا ہوں ۔ آپ سب سے درخواست ہے کہ میری صحت یابی کی دعا کریں ،میری وفات کے بعد پورے پاکستان کے ہر شہر ہر گائوں ہر گلی کوچے میں آپ نے میرے لیے نماز جنازہ پڑھنا ہے اور دعائے مغفرت کرنا ہے ۔ میں نے دل و جان ، خون ، پسینہ سے ملک وقوم کی خدمت کی ہے جو کہا گیااس پر عمل کیا ، کوئی غلط کام نہیں کیا اور نہ ہی میرے محبت وطن ساتھیوں نے کوئی غلط کام کیا ۔ میرا اللہ میرا گواہ ہے ، میں جہاں چاہتا جاتا کھرب پتی ہو جاتا ، مجھے پاکستان عزیز تھا، آپ عزیز تھے، آپ کی حفاظت و سلامتی میرا فرض تھا ، میں دسمبر 1971 کو کبھی نہ بھلا سکا ۔والسلام، طالب دعا، آپ کا ڈاکٹر عبدالقدیر خان ،(نوٹ)آپ نے محسن پاکستان ، محافظ پاکستان کے القاب سے نوازا ہے ، تہہ دل سے شکر گزار ہوں۔ پاکستان زندہ باد، یاد رہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان کرونا کے باعث ملٹری ہسپتال میں زیر علاج ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close