کورونا وائرس کے وار جاری، وفاقی دارالحکومت سمیت کئی شہروں میں نئی پابندیاں عائد، تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ پر پابندی لگ گئی

اسلام آباد(پی این آئی)کورونا کے کیسز میں اضافے کے باعث وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبرپختونخوا کے چند شہروں میں نئی پابندیاں لگانے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جن میں سکول اور انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کی بندش بھی شامل ہے۔

جمعے کو اسلام آباد میں ہونے والے این سی او سی کے اجلاس میں منتخب اضلاع کے لیے این پی آئیز (نان فارماسوٹیکل انٹروینشنز) کا فیصلہ کیا گیا ہے۔فیصلے کے مطابق اسلام آباد کے علاوہ پنجاب کے مخصوص شہروں میں سکولوں کی بندش کے علاوہ دوسرے شہروں سے مسافر گاڑیاں داخل نہیں ہو سکیں گی جبکہ اِن ڈور اور آؤٹ ڈور تقریبات پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے، تاہم پنجاب کے شہروں میں آؤٹ ڈور شادیوں کی اجازت تین سو افراد کی شرکت سے مشروط ہو گی۔ اسی طرح اِن ڈور جم پر بھی پابندی عائد کر دی گئی ہے۔فیصلے کا اطلاق پنجاب کے شہروں سرگودھا، خوشاب، میانوالی، رحیم یار خان، خانیوال، فیصل آباد، بھکر ، گجرات، گوجرانوالہ، ملتان، بہاولپور، لاہور، راولپنڈی، سیالکوٹ اور شیخوپورہ پر ہو گا۔اسی طرح خیبرپختونخوا کے شہروں ہری پور، مالاکنڈ، مانسرہ، صوابی، ڈی آئی خان، سوات، ایبٹ آباد اور پشاور میں بھی یہ پابندیاں لاگو ہوں گی۔این سی او سی کے مطابق نئی پابندیاں چار سے 12 ستمبر تک جاری رہیں گی۔اسلام آباد کے ڈپٹی کمشنر آفس سے ٹویٹ کے ذریعے بھی ان پابندیوں کا اعلان کیا گیا ہے۔ٹویٹ میں لکھا گیا ہے کہ ’کورونا کے بڑھتے کیسز کے باعث کل چار ستمبر سے 12 ستمبر تک تمام سکول بند رہیں گے جبکہ انٹرسٹی ٹرانسپورٹ سمیت اِن ڈور جمز اور ہر قسم کے اجتماعات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔‘

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں